چارلسٹن چرچ پر حملے کے ملزم کے لیے سزائے موت دلوانے کی کوشش

گزشتہ سال جولائی میں عدالت میں موجود ملزم روف

روف پر الزام ہے کہ اس نے گزشتہ سال 17 جون کو چارلسٹن میں 'ایمانیئول افریقن میتھڈسٹ چرچ' میں فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کیا۔

امریکہ کی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے کہا ہے کہ محکمہ انصاف گزشتہ سال جنوبی کیرولینا میں چارلسٹن شہر کے چرچ پر حملے میں ملوث ڈیلن روف کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ "مبینہ جرم کی نوعیت اور اس سے پیدا ہونے والے خطرے نے اس فیصلے کے لیے مجبور کیا ہے۔"

استغاثہ پہلے ہی یہ کہہ چکا ہے کہ وہ بھی روف کے لیے سزائے موت حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

روف پر الزام ہے کہ اس نے گزشتہ سال 17 جون کو چارلسٹن میں 'ایمانیئول افریقن میتھڈسٹ چرچ' میں فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کیا۔

اس کا شمار اولین سیاہ فام امریکی چرچز میں ہوتا ہے اور روف پر عائد کیے جانے والے الزامات میں نسلی منافرت اور مذہبی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے بھی شامل ہیں۔

ملزم نے خود پر لگائے جانے والے الزامات سے انکار کیا تھا۔

ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سیاہ فام لوگوں، یہودیوں اور ہسپانوی باشندوں سے نفرت پر مبنی اپنے خیالات کا اظہار انٹرنیٹ پر کر چکا ہے اور اس کے ایک دوست نے پولیس کو بتایا تھا کہ روف خانہ جنگی شروع کرنے کے بارے میں بھی بات کر چکا ہے۔