امریکہ: بے روزگاری الاؤنس، استفادہ کرنے والوں میں اضافہ

بے روزگاری الاؤنس کے لیے دی جانے والی ان درخواستوں سے ملک میں نوکریوں کی کٹوتیوں اور معیشت کی صورتحال کا تعین کیا جاتا ہے جو امریکہ میں گذشتہ پانچ برس پہلے آنے والی کساد بازاری سے آہستہ آہستہ نکل رہا ہے
امریکہ میں بے روزگاری الاؤنس کا دعویٰ دائر کرنے والے امریکیوں کی تعداد میں گذشتہ ہفتے پہلے کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ امریکی معیشت کی بحالی کو درپیش نشیب و فراز ہیں۔

جمعرات کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، رواں ہفتے 343,000 افراد نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے دعوے دائر کئے جو کہ پچھلے ہفتے وصول ہونے والی درخواستوں کے مقابلے میں 7,000 زیادہ تھیں۔

بے روزگاری الاؤنس کے لیے دی جانے والی ان درخواستوں سے ملک میں نوکریوں کی کٹوتیوں اور معیشت کی صورتحال کا تعین کیا جاتا ہے، جو امریکہ میں گذشتہ پانچ برس پہلے آنے والے معاشی بحران سے آہستہ آہستہ نکلنے کی کوشش میں ہے۔

گذشتہ نو ماہ میں امریکہ میں ہر ماہ تقریباً دو لاکھ نوکریوں کا اضافہ دیکھا گیا۔ لیکن بے روزگاری کی 7.6٪ شرح تاریخی اعتبار سے سب سے زیادہ رہی۔

امریکی صدر براک اوباما امریکی معیشت کی بہتری اور امریکہ میں متوسط طبقے کے لیے صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

جمعرات کو فلوریڈا میں اپنے ایک خطاب میں انکا کہنا تھا کہ ملک کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے کے لیے وہ زیادہ تعمیراتی منصوبوں کا اجرا ضروری ہے۔

صدر اوباما کے الفاظ، ’گذشتہ چار برسوں میں 90ء کی دہائی کے بعد صنعتی شعبے میں امریکیوں کو ملنے والی ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے، نہ کہ کمی۔ یہ ایک اچھی خبر ہے۔ لیکن، ہم اس سے زیادہ کام کر سکتے ہیں۔ لہذا، میں ایسے نئے اقدامات کے لیے زور دوں گا جس سے اس شعبے میں امریکہ میں مزید ملازمتیں واپس لائی جا سکیں۔‘