کیلی فورنیا: داعش میں شمولیت کی خواہش، دو افراد گرفتار

فائل

فوجداری دفعات میں مجرم ثابت ہونے پر، بدوی اور الزہیل کو داعش کو مادی حمایت فراہم کرنے کی سازش کرنے پر 15 برس تک کی قید ہوسکتی ہے

کیلی فیورنیا سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کرکے اُن کے خلاف داعش کو مادی حمایت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اُن کی خواہش تھی کہ وہ داعش کے لیے لڑتے ہوئے شہادت کا درجہ حاصل کریں۔

امریکی محکمہٴانصاف نے جمعے کے روز بتایا کہ 24 برس کے مہناد بدوی اور نادر الزہیل نے مشرق وسطیٰ جا کر شدت پسند گروہ میں شمولیت اختیار کرنے کی منصوبہ بندی کئ تھی۔

دونوں کو جمعرات کے دِن حراست میں لیا گیا، جن میں سے ایک کو لوس انجلیس کے بین الاقوامی اڈے سے گرفتار کیا گیا۔
محکمہٴانصاف کے ایک بیان کے مطابق، اس فوجداری مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ بدوی اور الزہیل نے سماجی میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے، داعش اور دہشت گرد حملوں سے متعلق گفتگو کی تھی؛ اور اُنھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ شہادت پانے کے متمنی ہیں؛ جب کہ الزہیل کی جانب سے امریکہ چھوڑ کر داعش میں شمولیت اختیار کرنے کی تیاری کی گئی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ ریکارڈ کی جانے والی گفتگو میں، بدوی اور الزہیل نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے میدان جنگ میں جان دے کر اللہ کی قربت حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

الزہیل کو لوس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا، جب وہ تل ابیب کے طیارے میں سوار ہونے والا تھا۔ الزامات کے مطابق، الزہیل نے یہ بات تسلیم کی ہے کہ وہ استنبول میں اترنے کا ارادہ رکھتے تھے، جہاں وہ داعش میں شامل ہو جاتے، جب کہ اُن کا اسرائیل جانے کا ارادہ نہیں تھا۔
اگر وہ اِن فوجداری دفعات میں مجرم ثابت ہوتے ہیں، تو بدوی اور الزہیل کو داعش کو مادی حمایت فراہم کرنے کی سازش کرنے پر 15 برس تک کی قید ہوسکتی ہے۔

دونوں ملزمان کی جمعے کے روز عدالت کے روبرو ابتدائی پیشی تھی۔

وہ اُن متعدد امریکیوں میں شامل ہیں جن پر سرزمین پر جاکر دولت اسلامیہ کے شدت پسند گروہ میں شمولیت اختیار کرنے کی منصوبہ بندی پر وفاقی الزامات کا سامنا ہے۔