ایرانی صدر سے تین امریکی شہریوں کی رہائی کا 'بصد احترام' مطالبہ

ایرانی صدر حسن روحانی

امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں عہدہ صدارت سنبھالنے والے ایرانی صدر روحانی اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی توقع رکھتے ہیں۔
امریکہ نے ایران کے نئے صدر سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کے ہاں طویل عرصے سے قید تین امریکی شہریوں کی رہائی میں مدد کریں۔

محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ واشنگٹن صدر حسن روحانی سے "بصد احترام" مطالبہ کرتا ہے کہ وہ 65 سالہ رابرٹ لیونسن اور دو ایرانی نژاد امریکی شہریوں امیر حکمتی اور سعید عبدینی کی رہائی کے لیے معاونت فراہم کریں۔

لیونسن امریکی تفتیشی ادارے 'ایف بی آئی' کے ریٹائرڈ ایجنٹ اور سات بچوں کے باپ ہیں۔ وہ نجی حیثیت میں اسمگلنگ کے ایک کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے مارچ 2007ء میں ایران کے جزیرہ کش سے لاپتہ ہو گئے تھے۔

امریکی بیان کے مطابق عبدینی اپنے مذہبی عقائد کی بنا پر آٹھ سال کی قید کاٹ کر رہے ہیں جب کہ حکمتی سابق امریکی فوجی ہیں اور وہ امریکی حکام کے بقول "جاسوسی کے جھوٹے الزامات" پر حراست میں ہیں۔

بیان کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں عہدہ صدارت سنبھالنے والے ایرانی صدر روحانی اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی توقع رکھتے ہیں۔