ماسک اور سماجی فاصلوں کے ساتھ ایک نئے انداز کا امریکی یومِ آزادی

نیویارک میں یوم آزادی کے موقع پر آتش بازی کا ایک منظر۔ 4 جولائئ 2019

امریکہ کا یوم آزادی ہر سال 4 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ہر چھوٹے بڑے شہر میں تقریبات ہوتی ہیں اور اکثر مقامات پر رات کو چراغاں کیا جاتا ہے۔ امریکی اپنی آزادی کا دن بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں اور دوستوں اور فیملیز کی سطح پر بھی اجتماعات اور دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے اس بار ایسا کچھ بھی نہیں ہو سکا۔

امریکہ میں عالمی وبا کے پھیلاؤ کے حالیہ دنوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھی جا رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جو دو ہفتے پہلے گھٹ کر 20 ہزار سے نیچے چلی گئی تھی۔

ہفتے کی شام تک امریکہ میں پازیٹو کیسز کی مجموعی تعداد 29 لاکھ سے بڑھ گئی تھی جب کہ اموات کا گراف ایک لاکھ 32 ہزار سے زیادہ تھا۔

اگرچہ اکثر ریاستوں میں کرونا وائرس کی بنا پر عائد کی جانے والی پابندیاں کافی حد تر نرم کر دی گئی ہیں۔ دفاتر اور کاروبار بتدریج کھولے جا رہے ہیں، لیکن وبا میں تیزی کے بعد کیلی فورنیا سمیت کئی ریاستوں نے ریستورانوں اور شراب خانوں کو ایک بار پھر بند کر دیا ہے۔

چھٹی کا دن امریکی زیادہ تر پارکوں اور سمندر کے ساحل پر گزارتے ہیں۔ چونکہ ان دنوں یہاں گرمیاں اپنے عروج پر ہیں اس لیے پارکوں اور ساحلی تفریح گاہوں پر لوگوں کے ہجوم دیکھے جا رہے ہیں۔ تاہم، لوگ سماجی فاصلوں کی پابندی کر رہے ہیں اور ماسک کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

اس بار یوم آزادی پر روایتی تقریبات نہیں ہوئیں، البتہ کئی شہروں میں ورچوئل تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جسے لوگوں نے اپنے ٹیلی وژن، کمپوٹروں اور سمارٹ فونز کی سکرینوں پر دیکھا۔ اسی طرح حسب معمول شام کے بعد اکثر شہروں میں آتش بازی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ تاہم، اسے بھی ٹیلی وژن پر ہی دکھایا جائے گا۔

امریکہ کی تاریخ 244 سال پرانی ہے۔ ان ڈھائی سو برسوں میں امریکہ نے کئی ادوار اور نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ اس دوران سول وار بھی ہوئی، جس میں لاکھوں لوگ مارے گئے۔ غلامی کے خلاف اور خواتین کے حقوق کے لیے تحریکیں بھی چلیں، جس کے نتیجے میں انہیں آزادیاں اور حقوق ملے۔

اس دوران صنعتی ترقی کے ادوار بھی آئے جس نے امریکہ کو دنیا کی سب سے ترقی یافتہ معیشت کے درجے پر متمکن کیا اور امریکہ کی شناخت دنیا کی سب سے بڑی طاقت کے طور پر ہوئی۔ لیکن یہ مقام طویل جدوجہد کے بعد حاصل ہوا۔ حال ہی میں ملک میں سماجی مساوات اور برابری کے حصول کی تحریک چل رہی ہے اور کئی شعبوں میں اصلاحات کے نفاذ کے بارے میں تجاویز زیر غور ہیں۔

جدوجہد قوموں کی زندگی ہے۔ جدوجہد سے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔ آج امریکہ کو عالمی وبا کرونا وائرس کا بھی سامنا ہے۔ پوری قوم اس مہلک وبا کے خلاف لڑ رہی ہے اور بالآخر اس پر فتح حاصل کر لے گی۔ امریکی ماہرین کو توقع ہے کہ اس سال موذی وبا کے خلاف ویکسین تیار ہو جائے گی۔

آج امریکی ایک ایسے ماحول میں اپنا یوم آزادی منا رہے ہیں جس میں انہیں بیک وقت کئی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ آج وہ اپنا یہ قومی تہوار کرونا وائرس اور دیگر مسائل پر جلد از جلد قابو پانے کے عزم کے ساتھ منا رہے ہیں۔