امریکہ نے جمعے کے روز مالی کے شہر بماکو میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بماکو کے ریڈیسن بلو ہوٹل پر ہونے والے حملے میں بے گناہ افراد کی ہلاکت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر لواحقین اور اہل خانہ سے تعزیت و ہمدری کا اظہار کیا ہے۔
دہشت گرد واقع کے فوری بعد موقعے پر پہنچنے والے دستوں کو جان کیری نے سراہا، جن میں خاص طور پر مالی کی افواج اور اقوام متحدہ، فرانس اور امریکی سکیورٹی اہل کار شامل تھے، جن میں امریکی سفارتی سکیورٹی بھی شامل ہے۔ بقول اُن کے، اِن امدادی دستوں نے ’یرغمالیوں کے انخلا میں مدد فراہم کی اور اُنھیں محفوظ مقامات کی جانب پہنچایا‘۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بماکو میں امریکی سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو تلاش کرنے کا کام کیا، اور آئندہ دِنوں کے دوران چھان بین کے حوالے سے، امریکہ مالی کی سرکار کو درکار حمایت فراہم کرنے پر تیار ہے۔
بقول اُن کے، ’لازم ہے کہ دہشت گرد حملوں کے اِن ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘۔
اُنھوں نے کہا کہ ’مالی امریکہ کا ایک اہم علاقائی پارٹنر ہے، اور ہم مالی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
جان کیری نے کہا کہ اِن دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے ہمارے مشترکہ عزم میں اضافہ ہوگا‘۔