ایران میں حجاب کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی گرفتاری قابل مذمت: امریکہ

ایرانی خواتین (فائل فوٹو)

امریکہ نے لازمی حجاب اوڑھنے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کم از کم 29 افراد کو گرفتار کرنے پر ایران کی مذمت کی ہے۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نیورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ ان ایرانیوں کے حمایت کرتا ہے جو 1979ء کے انقلاب کے بعد ملبوسات سے متعلق وضع کیے گئے قواعد کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

اس ضابطے کے مطابق ایران میں خواتین کو گھر سے باہر ایسا لباس زیب تن کرنا ہوتا ہے جس سے ان کا پورا جسم اور سر کے بال عیاں نہ ہوں۔

نیورٹ کا کہنا تھا کہ "لوگوں کو اس بات کی آزادی ہونی چاہیے کہ وہ اپنی پسند سے کیا پہننا چاہتے ہیں اور اپنے عقیدے کی اپنے انداز میں پیروی کرنا چاہتے ہیں۔ اس پسند سے محروم رکھنا ان کی خودمختاری اور وقار کے منافی ہے۔"

رواں ہفتے ایران کی پولیس نے کہا تھا کہ اس نے 29 ایسی خواتین کو گرفتار کیا جنہوں نے اس ضابطے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے حجاب اتار دیے تھے۔

پولیس کا دعویٰ تھا کہ یہ خواتین بیرون ملک بسنے والے ایرانیوں کے پروپیگنڈے کے زیر اثر ہیں۔

گزشتہ ہفتوں میں ایسی ایرانی خواتین کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جو حجاب کی پابندی کے خالف آواز بلند کر رہی ہیں۔