امریکہ میں مسلمانوں کے حقوق کے لیے سرگرم موقر تنظیم "کیئر" (کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز) کے دو مختلف دفاتر کو "مشکوک سفید سفوف" پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔
جمعرات کو پہلے واشنگٹن ’ڈی سی‘ میں واقع مرکزی دفتر کو ایک خط موصول ہوا جس میں سفید سفوف بھی موجود تھا جس کے بعد دفتر کو لوگوں سے خالی کروا لیا گیا۔
متعلقہ تفتیشی اداروں کے اہلکاروں نے یہاں پہنچ کر ابتدائی تحقیق کے بعد اس سفید سفوف کو بے ضرر قرار دیا جس پر عملے کے ارکان اور دیگر دفتر کی عمارت میں واپس چلے گئے۔
تنظیم کی قانونی مشیر ماہا سید کے مطابق خط میں تحریر تھا کہ "مسلمانوں تکلیف دہ موت مرو۔" ان کے بقول مسلمانوں کے خلاف بیان بازیوں کے تناظر میں "اس وقت ہم خاصے خوفزدہ ہیں۔"
ایسے بھیجے جانے والے سفید پاؤڈر کو عام طور پر اینتھارکس پاؤڈر ہی تصور کیا جاتا ہے جو کہ انسان کے لیے مہلک بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔
جب کہ کیلیفورنیا کے علاقے سانتا کلارا میں کیئر کے ایک مقامی دفتر کو بھی ایسا ہی خط موصول ہوا اور یہاں بھی دو منزلہ عمارت سے لوگوں کو باہر منتقل کر دیا گیا لیکن ابتدائی تحقیق کے بعد اس سفید سفوف کو بھی بے ضرر قرار دیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو میں فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعے میں ملوث حملہ آوروں کا تعلق مسلمان برادری سے ہونے کی بنا پر ایک بار پھر بعض حلقوں کی جانب سے امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف بیانات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
لیکن امریکی صدر براک اوباما سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی حلقوں نے دہشت گردی کو مذہب سے جوڑنے کی حوصلہ شکنی کی ہے۔