امریکی بجٹ سمجھوتا، قانون سازی کی سینیٹ سے منظوری

اِس بِل کو درپیش ضابطے کی رکاوٹوں سے اُس وقت نجات ملی جب منگل کو رائے شماری کے دوران ڈیموکریٹ پارٹی کے اکثریت والے ایوان میں، اِس کے حق میں67 اور مخالفت میں 33 ووٹ پڑے
امریکی بجٹ پر ایوان کے دونوں جانب سے ترتیب دیے گئے بِل کی مدد سے، قومی دفاع اور دیگر پروگراموں پر پریشان کُن کٹوتیوں کے معاملے کو رَفع کیا جاسکے گا۔ اِس قانون سازی کو سینیٹ نے منظور کر لیا ہے۔

اِس بِل کو درپیش ضابطے کی رکاوٹوں سے اُس وقت نجات ملی جب منگل کو رائے شماری کے دوران ڈیموکریٹ پارٹی کے اکثریت والے ایوان میں، اِس کے حق میں67 اور مخالفت میں 33 ووٹ پڑے۔

ری پبلیکن پارٹی کی اکثریت والے ایوانِ نمائندگان نے پہلے ہی اِسے منظور کر لیا ہے۔ توقع ہے کہ اگلے ہفتے کانگریس کے مکمل اجلاس میں اِسے منظور کر لیا جائے گا۔

اِس سمجھوتے کی رو سے، اگلے دو برس تک ازخود عمل میں آنے والی کٹوتیوں کے معاملے میں آسانی ہوگی، جسے ’سیکئس ٹریشن‘ کے نام سے جانا جاتا ہے؛ اور ایک بار پھر حکومتی ’شٹ ڈاؤن‘ کے خطرے کو ٹالا جا سکے گا۔

تاہم، اِسے سینیٹ میں ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے چوٹی کے سینیٹروں کی مخالفت کا سامنا ہے، جو ’سیکئس ٹریشن‘ کو بچانے کے خواہاں ہیں۔