امریکی سفیر کا موئن جو دڑو کا دورہ

Sindh Festival

امریکی سفیر نے لاڑکانہ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں شہید بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزاروں پر حاضری بھی دی۔
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے سندھ کے تاریخی ورثے موہن جودڑو کا دورہ کیا ہے۔

امریکی سفیر اتوار کو پیپلزپارٹی کے بعض رہنماؤں کے ہمراہ لاڑکانہ کے نزدیک موجود موہن جو دڑو کے کھنڈرات پہنچے۔


تاریخی ورثے کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں سندھ فیسٹیول کی تقریبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موئن جو دڑو کی پانچ ہزار سال قدیم سندھی تہذیب کے تحفظ کے لیے یہاں 'سندھ فیسٹیول' کا انعقاد اچھا اقدام تھا اور اس سے پوری دنیا کی توجہ موئن جو دڑو کی تہذیب کی جانب متوجہ کرنے میں مدد ملی ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ پانچ ہزار سال قدیم موہنجو دڑو کے کھنڈرات سندھ کی قدیم تہذیب کی عمدہ مثال اور دنیا کے لیے ایک اثاثہ ہیں۔

رچرڈ اولسن نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے تصورات اور خیالات آج بھی پاکستان کے کروڑوں لوگوں کے تصورات کا حصہ ہیں.

موہن جو دڑو کے دورے کے موقع پر امریکی سفیر کے ہمراہ قونصلر جنرل مائیکل ڈوڈ مین اور 'یو ایس ایڈ' کے پاکستان میں سربراہ گریگ، صوبائی وزیر نثار کھوڑو، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی تھے۔

امریکی سفیر نے لاڑکانہ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں شہید بے نظیر بھٹو اور ذو الفقار علی بھٹو کے مزاروں پر حاضری بھی دی۔


واضح رہے کہ سندھ کے تاریخی ورثے اور ثقافتی اہمیت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے یکم فروری سے پندرہ فروری تک 'سندھ فیسٹیول' کا اہتمام کیا تھا جس کی افتتاحی تقریب موہن جو دڑو میں منعقد کی گئی تھی۔