نواز شریف، بان کی مون ملاقات، زلزلہ زدگان کی امداد پر گفتگو

اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری جنرل، بان کی مون نے وزیر ِاعظم نواز شریف سے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری جنرل، بان کی مون نے جمعے کے روز نیو یارک میں پاکستان کے وزیر ِ اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے علاقائی تعلقات پر تبادلہ ِخیال ہوا، جبکہ پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں ترقیاتی امور، زلزلے کے بعد کی امدادی کارروائیاں اور اقوام ِ متحدہ کی جانب سے امن کی بحالی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس موقعے پر، اقوام ِمتحدہ کے سیکریٹری نے وزیر ِاعظم نواز شریف کو اُن کی حکومت کی جانب سے تعلیم اور صحت ِعامہ کے شعبوں کی مد میں زیادہ رقوم مختص کرنے کے حالیہ فیصلے پر مبارک باد دی۔


بان کی مون نے نواز شریف سے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اُس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں شام کی صورتحال پر بھی تبادلہ ِخیال کیا اور شام کے حوالے سے عالمی کانفرنس کے انعقاد کے لیے حالیہ سفارتی کوششوں کو خوش آئند قرار دیا۔