’نیس کیفے بیسمنٹ‘ سروں اور سریلی آوازوں کو سنوارنے میں پیش پیش

’نیس کیفے بیسمنٹ‘ نے اس گانے کو ایک اچھوتے انداز میں صرف خواتین میوزیشنز کے ساتھ پیش کیا۔ پاکستانی میوزک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی گانے کی سنگرز بھی خاتون تھیں اور آرکسٹرا بھی خواتین پر ہی مشتمل تھا

’نیس کیفے بیسمنٹ‘ سروں اور سریلی آوازوں سے سجا ایسا پروگرام ہے جو نوجوانوں اور نئے گلوکاروں کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنے فن کو دنیا کے سامنے پیش کر سکیں۔

پروگرام کے سیزن 4 کی تیسری قسط میں ’جون نیومین‘ کا ’لو می اگین‘ اور عبداللہ قریشی کا ’آواز دو‘ نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔

انگلش موسیقار اور گلوکار ’جون نیومین‘ کا مشہور گانا ’لو می اگین‘ جاز کے رنگوں میں ڈھلا پاپ ڈانس نمبر ہے جو 2013 میں ریلیز کیا گیا تھا اور ریلیز کے فورا بعد میوزک چارٹس پرنمبر ون بن گیا تھا۔

’نیس کیفے بیسمنٹ‘ نے اس گانے کو ایک اچھوتے انداز میں صرف خواتین میوزیشنز کے ساتھ پیش کیا۔ پاکستانی میوزک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی گانے کی سنگرز بھی خاتون تھیں اور آرکسٹرا بھی خواتین پر ہی مشتمل تھا۔

پروگرام سے جڑے ذرائع نے وائس آف امریکا سے گفتگو میں کہا کہ’لو می اگین‘ کو گانے، طبلے، گٹار اور دیگر سازوں کو بجانے والوں میں ماریہ فاطمہ، کرسٹین کنریا، اینا سلمان، ثانیہ شہزاد، سمیرا، عارفہ، جنت سہیل، ماہم اور مشال شامل تھیں۔

عبداللہ قریشی کے گانے ’آواز دو‘ 90 کے عشرے کے راک میوزک سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔ عبداللہ قریشی کے گائے ہونے گانے میں شیری اورحسن نے گٹارز، میل ون نے بیس اور بلاول نے ڈرمزپران کا ساتھ دیا۔

’نیس کیفے بیس منٹ‘ تمام بڑے چینلز اور ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز سے نشرکیا جاتا ہے جبکہ میوزک لورز آن لائن بھی پروگرام کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔