اقوام متحدہ کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کی پیشکش

پیر کو ہونےوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں25 ہزار روپے فی خاندان عید سے قبل ہی ادا کر دیئے جائیں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان کو سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے مدد کی پیشکش کی ہے۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق بان کی مون نے وزیراعظم نواز شریف کے نام ایک خط میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو اب تک فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔

حکومت پاکستان سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ستمبر کے پہلے ہفتے میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر متاثر ہوا۔

اُدھر پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 25 ہزار روپے فی خاندان عید سے قبل ہی ادا کر دیئے جائیں گے۔

پاکستان آفات سے نمٹنے کے ادارے ’این ڈی ایم اے‘ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ’’پنجاب میں سیلاب اور بارشوں سے 269 افراد ہلاک ہوئے جب کہ پاکستانی کشمیر میں 64 اور گلگت بلتستان میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں 6 لاکھ 17 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

دیہاتوں کی بات کی جائے تو ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے 3090، صوبہ سندھ کے 263، پاکستانی کشمیر میں 187 جب کہ گلگت بلتستان میں 127 دیہات متاثر ہوئے۔

دیہاتوں میں سیلاب کے پانی سے آنے والی تباہی سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں جس سے زرعی شعبے کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔