عمر گل انجری کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر

پاکستان کے فاسٹ بالر عمر گل گھٹنے کی تکلیف کے باعث 'چیمپئنز ٹرافی' کے اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بالر عمر گل گھٹنے کی تکلیف کے باعث 'چیمپئنز ٹرافی' کے اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ کے دوران میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں عمر گل کے گھٹنے پر چوٹ لگی تھی جس کے باعث وہ دورے کے آخری دو ون ڈے میچز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

ترجمان کے مطابق آسٹریلوی سرجن ڈاکٹر ایلگزنڈر ڈیوڈ نے تفصیلی طبی معائنے کے بعد عمر گل کے گھٹنے کا آپریشن تجویز کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق عمر گل سرجری کے لیے مئی کے پہلے ہفتے میں آسٹریلیا کے شہر میلبرن روانہ ہوجائیں گے جہاں سرجری کے بعد انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں 8 سے 12 ہفتے لگیں گے۔

'پی سی بی' کے ترجمان کےبقول سرجری کے باعث عمر گل جون میں انگلینڈ ہونے والی 'چیمپئنز ٹرافی' میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

انتیس سالہ عمر گل نے 161 ٹیسٹ اور 163 ون ڈے وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔