شہزادہ ولیم اور کیتھرین مڈلٹن رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

شہزادہ ولیم اور کیتھرین مڈلٹن رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور کیتھرین مڈلٹن رشتہ ازدواج میں بندھ گئے ہیں۔

اُن کی شادی کی تقریب جمعہ کو لندن کے بڑے گرجے ’ویسٹ منسٹر ایبی‘ میں منعقد ہوئی جس میں تقریباً 1,900 مہمانوں نے شرکت کی۔

شاہی جوڑے نے ہزار سال پرانے اس گرجے کے سب سے مقدس حصے میں جا کر شادی کے اندراج سے متعلق رجسٹر پر دستخط کیے۔

اس سے قبل شادی کی روایتی رسومات ادا کی گئیں جن کے دوران شہزادہ ولیم اور کیتھرین سنجیدہ لیکن پرسکون نظر آئے۔ اس موقع پر حاضرین نے برطانیہ کا قومی ترانہ بھی گنگنایا۔

ویسٹ منسٹر ایبی میں شادی کی تقریب کے اختتام پر شہزادہ ولیم اور کیتھرین کو 1902ء میں تیار کی گئی بغیر چھت کی ’شاہی بگھی‘ میں گرجے سے بکنگھم پیلس لے جایا گیا۔