برطانیہ میں ریفرنڈم کے پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات

Your browser doesn’t support HTML5

ظفر بختاوری

ظفر بختاوری نے کہا کہ برطانیہ کے ریفرنڈم کے نتائج کے کچھ اثرات تو نظر آنا شروع ہو گئے لیکن اُن کے بقول آنے والے دنوں میں یہ اثرات مزید نمایاں ہو سکتے ہیں۔

برطانیہ میں تاریخی ریفرنڈم میں عوام کی اکثریت کی طرف سے یورپی یونین سے الگ ہونے کے فیصلے کے اثرات دنیا کئی ممالک کے بازار حصص کی طرح بظاہر پاکستان میں بھی دیکھے گئے۔

ریفرنڈم کے نتائج اور اُس کے بعد برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کمیرون کی طرف سے اپنا منصب چھوڑنے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی شیئرز دو فیصد تک گر گئے ہیں۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں یہ سب سے نمایاں کمی ہے۔

پاکستان میں تاجروں کی نمائندہ تنظیم ایوان ہائے صعنت و تجارت کے نائب صدر ظفر بختاوری نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اس فیصلے کے اثرات پاکستان کے اقتصادی ڈھانچے پر بھی پڑیں گے۔

’’میں ایک پاکستانی ہوں اور پھر میں ایک انٹرنیشنل کمیونٹی کا ممبر ہوں اور میں نے ان تمام حوالوں سے اپنے جو خدشات ہیں ان کو ظاہر کیا ہے اور (برطانیہ کے عوام کی طرف سے یورپی یونین سے الگ ہونے کا فیصلہ) نہ پاکستان کے مفاد میں ہے نہ یہ یورپ کے مفاد میں ہے اور نہ یہ دنیا کے مفاد میں ہے بہر طور یہ برطانیہ کے عوام کا فیصلہ ہے اور ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔‘‘

ظفر بختاوری نے کہا کہ برطانیہ کے ریفرنڈم کے نتائج کے کچھ اثرات تو نظر آنا شروع ہو گئے لیکن اُن کے بقول آنے والے دنوں میں یہ اثرات مزید نمایاں ہو سکتے ہیں۔

’’پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر اس کے اثرات ہوں گے ۔۔۔۔ یہ ایک بہت بڑا دھچکا ہے دنیا کی تمام اسٹاک مارکیٹوں کے لیے اور یہ دھچکا آپ دنیا کی مختلف اور اہم کرنسیز جیسے یورو، پاؤنڈ اور دیگر کرنسیز اُن پر بھی دیکھیں گے۔‘‘

اُن کا کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے فیصلے کے بعد فوری طور پر تو یہ واضح نہیں کہ اس کے دوطرفہ تجارت پر کیا اثرات ہوں گے۔

’’پورے یورپ کے لیے ہمیں جو فری مارکیٹ ایکسس تھی اور پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت کو مراعات حاصل تھیں اُس کو دیکھنا ہو گا کہ کیا اب برطانیہ بھی ہمیں ایسی ہی مراعات دے گا یا نہیں۔۔۔۔ اگر برطانیہ نے ہمیں وہ تمام کی تمام سہولتیں دیں تو پھر پاکستان کی معیشت پر بہت منفی اثرات نہیں پڑیں گے لیکن اگر فیصلہ اس کے برعکس ہوا تو ہماری تجارت متاثر ہو سکتی ہے۔‘‘

برطانیہ کے عوام کی طرف سے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں فیصلے کے اثرات ایشیا کے مختلف ممالک کے بازار حصص میں دیکھے گئے جب کہ ڈالر اور یورو کے مقابلے میں برطانیہ میں رائج کرنسی پاؤند کی قدر میں کمی آئی ہے۔