ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری کی 'آزاد زندگی' گزارنے کی درخواست منظور کر لی

فائل فوٹو

برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو شاہی ذمہ داریوں سے الگ ہوتے ہوئے آزاد زندگی گزارنے کی اجازت دے دی ہے۔

انہوں نے اس بات کا فیصلہ پیر کو شاہی خاندان کے بلائے گئے ایک ہنگامی اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا۔

پرنس ہیری اور ان کی امریکی اداکارہ اہلیہ میگھن نے گزشتہ ہفتے یہ بیان دیتے ہوئے شاہی خاندان میں ایک بحران پیدا کر دیا تھا کہ وہ شاہی ذمہ داریوں سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔

پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن

شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ کے ساتھ اب شمالی امریکہ میں زیادہ وقت گزارنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے شاہی ذمہ داری سے علیحدگی کے خط میں کہا تھا کہ وہ مالی طور پر خود مختار ہونا چاہتے ہیں۔

تاہم بہت سے حلقوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ کینیڈا یا امریکہ میں رہتے ہوئے ان کی خصوصی سیکیورٹی کے اخراجات کون اٹھائے گا اور ان کے لائف اسٹائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سوال بھی کیا گیا تھا کہ وہ اپنے اخراجات کیسے برداشت کریں گے۔

ملکہ ایلزبتھ اور ولی عہد شہادہ چالس

پیر کو منعقدہ شاہی خاندان کے ہنگامی اجلاس میں ملکہ ایلزبتھ کے علاوہ پرنس ہیری کے والد پرنس چارلس اور ان کے بڑے بھائی پرنس ولیم نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد 93 سالہ ملکہ ایلزبتھ نے کہا کہ شاہی خاندان ہیری اور میگھن کو ان کے فیصلے میں تعاون فراہم کرے گا۔

ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ مناسب یہ ہوتا کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کا مکمل حصہ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیتے۔ تاہم وہ ان کی خواہش کا احترام کرتی ہیں اور وہ شاہی خاندان کے ایک اہم فرد رہیں گے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن نے یہ واضح کیا تھا کہ اپنے نئے لائف اسٹائل کے ساتھ عوامی فنڈز پر بوجھ نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے اپنی آئندہ زندگی میں کینیڈا اور انگلینڈ میں گزارنے کا اعلان کیا۔

فائل فوٹو

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 35 سالہ ہیری اور 38 سالہ میگھن کے اس فیصلے سے شاہی خاندان میں اختلافات کا اظہار ہوتا ہے اور اب اس بات پر سوچ بچار کیا جانا چاہیے کہ اکیسویں صدی کے انگلینڈ میں شاہی خاندان کا کردار کیا ہونا چاہیے۔

بتایا جاتا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے اپنے فیصلے کا اعلان کرنے سے پہلے ملکہ ایلزبتھ یا شاہی خاندان کے دیگر افراد سے کوئی مشورہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے اپنے فیصلے کا اعلان انسٹا گرام اور اپنی ویب سائٹ پر کیا۔

میگھن ان دنوں کینیڈا میں ہیں جہاں وہ اپنے بیٹے آرچی کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔