ترکی: اسکول میں آتشزدگی سے 12 طالبات ہلاک

ترکی کے شہر آدیانا میں لڑکیوں کے ہوسٹل میں آتش زدگی کے بعد زخمی طالبات کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ 29 نومبر 2016

لڑکیوں کے ہوسٹل میں آگ لگنے کی وجہ ممکنہ طور پر بجلی کا شارٹ سرکٹ تھا۔

ترکی میں حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک اسکول میں آگ بھڑکنے کے سلسلے میں چھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اس واقعہ میں 12افراد ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے تھے۔

منگل کو دیر گئے جنوبی صوبے آدیانا میں لڑکیوں کے ہوسٹل میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ شروع میں یہ خیال کیا گیا تھا کہ اس کی وجہ بجلی کے سرکٹ کی خرابی تھی۔

جن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے وہ اسکول کے ملازم اور عہدے دار ہیں۔ ان سے اس بارے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے کہ آیا ان سے کوئی غفلت یا کوتاہی تو نہیں ہوئی۔

آدیانا کے میئر حسین سوزلو نے ترک میڈیا کو بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں باہر نکلنے کے دروازےکو تالا لگا ہوا ہوجس کی وجہ سے لڑکیاں اسے کھول کر باہر نکلنے میں ناکام رہی تھیں۔

آدیانا کے گورنر محمود دمیرتاس نے سرکاری خبر رساں ادارے’ انادتولی‘کو بتایا کہ کچھ طالبات دھوئیں سے متاثر ہوئیں اور کچھ عمارت سے باہر نکلنے کی کوشش کے دوران زخمی ہوئیں۔