ہم خواب دیکھنے والوں کے نہیں، مجرموں کے پیچھے ہیں: صدر ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کم عمری میں ان کے ملک میں لائے جانے والے ایسے بچے جو غیر قانونی طور پر مقیم ہیں انھیں امیگریشن قوانین کے تحت ملک بدری کا خطرہ نہیں ہے۔

جمعہ کو امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" سے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ "خواب دیکھنے والوں کا پیچھا نہیں کر رہی، ہم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہیں۔"

گزشتہ سال اپنی صدارتی مہم کے دوران وہ مسلسل غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت موقف اپنائے ہوئے تھے اور انھوں نے میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر دیوار بنانے کا عزم بھی کر رکھا تھا۔

صدر نے انٹرویو میں کہا کہ "مجھے سرحد پر دیوار چاہیے"، لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ اس قانون سازی پر دستخط کریں گے جس میں اس منصوبے کے لیے رقم مختص نہ کی گئی ہو، تو انھوں نے کہا کہ "مجھے ابھی نہیں پتا۔"

انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ یہ یقینی دہانی کرواتے رہے کہ اس دیوار کے لیے سرمایہ میکسیکو سے لیا جائے گا نہ کہ امریکی عوام کا پیسہ اس پر خرچ ہو گا۔

اپنی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے ٹیکس سے متعلق نیا پیکج متعارف کروائیں گے۔

ان کے بقول "بدھ یا اس کے فوری بعد" یہ پیکج آئے گا جس میں انفرادی اور کارپوریشنز کی سطح پر ٹیکسوں میں "بڑی" کٹوتی شامل ہوگی۔ انھوں نے اس کی تفصیل تو نہیں بتائی لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ "اب تک کی کٹوتیوں سے کہیں زیادہ بڑا ہوگا"۔