صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ بہت ہی کم ہے لیکن امریکی عوام کی صحت اور تحفظ ہماری اولین زمہ داری ہے اور کسی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے بڑی تعداد میں ماسک آرڈر کر دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے وائٹ ہاوس میں ہونے والی پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکی حکومت امریکی عوام کو کرونا وائرس کی صورتحال سے لمحہ لمحہ باخبر رکھے گی۔
صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں کا کام نائب صدر مائیک پینس کے حوالے کیا ہے، جو ڈاکٹروں، سائنسدانوں کی اس ٹیم کے ساتھ کام کریں گے، جو کرونا وائرس پر قابو پانے پر کام کر رہی ہے
ان کا کہنا تھا کہ ہم کرونا وائرس کی ویکسین کافی جلد تیار کر سکتے ہیں۔ لیکن اس کے کلینکل ٹرائل شروع ہونے میں چند ماہ جبکہ ویکسین کی دستیابی میں ایک سال تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے فنڈز میں اضافہ کرنے پر ڈیمو کریٹک پارٹی کے اراکین کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ 2.5 ارب ڈالر کی رقم وائرس پر قابو پانے کے لئے کافی ہوگی، لیکن ڈیمو کریٹک اراکین مزید رقم مختص کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ جتنی زیادہ رقم ہوگی، اتنا ہی ہم اقدامات کریں گے۔