ٹرمپ کابینہ: محکمۂ داخلہ اور وائٹ ہاؤس کے لیے نامزدگیاں

فائل فوٹو

  • نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست نارتھ ڈکوٹا کے گورنر ڈگ برگم کو محکمۂ داخلہ کے لیے منتخب کیا ہے۔
  • وائٹ ہاؤس میں کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے لیے اسٹیون چیونگ جب کہ پریس سیکریٹری کے لیے کیرولائن لیوٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
  • ری پبلکن پارٹی امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کر چکی ہے۔
  • نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ویب ڈیسک _ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں شامل ہونے والے مزید ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹرمپ نے محکمۂ داخلہ کے لیے نارتھ ڈکوٹا کے گورنر ڈگ برگم کا انتخاب کیا ہے جب کہ وائٹ ہاؤس میں دو اہم پوزیشنز کے لیے بھی نامزدگیاں کی ہیں۔

اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جمعرات کو مارا لاگو میں ایک تقریب کے دوران برگم کا نام سامنے آیا تھا۔ لیکن جمعے کو ٹرانزیشن ٹیم نے باضابطہ طور پر برگم کے انتخاب کا اعلان کیا ہے۔

نو منتخب صدر نے جمعے کو اعلان کیا کہ برگم ایک نئی تشکیل شدہ نیشنل انرجی کونسل کی بھی قیادت کریں گے جو امریکہ کو پوری دنیا میں "توانائی کا غلبہ" حاصل کرنے میں مدد کے لیے قائم کی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیشنل انرجی کونسل کے چیئرمین کے طور پر برگم کی نیشنل سیکیورٹی کونسل میں ایک نشست ہو گی۔

واضح رہے کہ برگم نومنتخب صدر کی حمایت سے قبل سال 2023 میں مختصر مدت کے لیے ری پبلکن صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ٹرمپ کے مدِ مقابل امیدوار تھے۔ بعد ازاں وہ صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دست بردار ہوگئے تھے۔

SEE ALSO: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے لیے مزید نئے نام سامنے آ گئے

ٹرمپ-وینس ٹرانزیشن ٹیم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اسٹیون چیونگ وائٹ ہاؤس میں کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے طور پر واپس آئیں گے۔ وہ ٹرمپ-وینس 2024 کی صدارتی مہم کے لیے اسی عہدے پر فائز تھے۔

اسٹیون چیونگ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں وائٹ ہاؤس میں اسٹرٹیجک رسپانس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

نومنتخب صدر نے جمعے کو اپنی انتخابی مہم کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ کو وائٹ ہاؤس کا پریس سیکریٹری بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ کیرولائن اس سے قبل ٹرمپ کے دور میں اسسٹنٹ پریس سیکریٹری کی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ری پبلکنز جنوری کے تیسرے ہفتے تک امریکی حکومت کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کو تیار ہیں۔

SEE ALSO: بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں 'خوش گوار' ملاقات

ری پبلکن پارٹی کو سینیٹ میں 47 کے مقابلے میں 53 کی اکثریت حاصل ہو گئی ہے جب کہ 435 کے ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز 218 نشستیں حاصل کر کے اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔