جنوبی کیرولائنا کے ریاستی دارالحکومت کولمبیا کے قریب آج اتوار کے روز ایمٹریک مسافر ٹرین ایک مال گاڑی سے ٹکر ا گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور 70 کے لگ بھگ زخمی ہو گئے ہیں۔
ساؤتھ کیرولائنا کے گورنر ہینری میک ماسٹر نے رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر ٹرین غالباً غلط ٹریک پر جا رہی تھی جہاں یہ وہاں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ہولناک حادثہ تھا۔ تاہم امدادی کارکن ریکارڈ وقت میں وہاں پہنچ گئے جہاں اُنہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
مسافر ٹرین کے زخمی مسافروں کو ہسپتال ہینچایا گیا جہاں بیشتر کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا۔ حادثے میں محفوظ رہنے والے مسافروں کو قریبی شیلٹر میں پہنچایا گیا جہاں گرم مشروبات اور لوازمات سے اُن کی تواضح کی گئی۔
یہ امریکہ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران ٹرین کا تیسرا حادثہ ہے۔
ایمٹریک ٹرین میں 91 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ ایمٹریک کمپنی کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرین نیو یارک سے میامی جا رہی تھی جب یہ علی الصبح 2:35 کے لگ بھگ ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے باعث گاڑی کا انجن اور کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس سے ٹرین میں سوار نصف مسافر زخمی ہو گئے۔
کم سے کم 89 زخمی مسافروں کو مقامی ہسپتال لیجایا گیا جن میں سے تین افراد کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں مال گاڑی سے 5,000 گیلن تیل بہ گیا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ صورت حال قابو میں ہے اور تیل بہنے سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کا امکان نہیں ہے۔
ابھی حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کیلئے اپنے عملے کو جائے حادثے کیلئے روانہ کر دیا ہے۔
نیشنل سیفٹی بورڈ کے چیئرمین رابرٹ سموالٹ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اُن کی اولین ترجیح ڈیٹا ریکارڈر کی تلاش ہو گی جس سے اس بات کا تعین کیا جا سکے گا کہ حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار کیا تھی۔
صدر ٹرمپ اس وقت پام بیچ، فلوریڈا میں ہیں جہاں اُنہیں اس حادثے کے بارے میں تفصیلات سے مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔ وائیٹ ہاؤس کے ترجمان نے ایک بیان کہا ہے، ’’ہماری دعائیں اُن تمام افراد کے ساتھ ہیں جو اس حادثے میں متاثر ہوئے ہیں۔‘‘