ٹوکیو میں کرونا ایمرجنسی کا نفاذ، اولمپکس پر کیا اثر پڑے گا؟

ٹوکیو کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اولمپکس کے علامتی دائروں کے ساتھ لوگ اپنی تصویریں بنا رہے ہیں۔ 8 جولائی 2021

جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہی دے شوگا نے ملک کے دارالحکومت میں کووڈ-19 کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر باضابطہ طور پر ٹوکیو میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

اعلان کے مطابق پابندی کا اطلاق پیر 12 جولائی سے ہوگا اور وہ 22 اگست تک نافذالعمل رہے گی۔ اسی مدت کے دوران ٹوکیو میں عالمی اولمپکس کے مقابلے ہوں گے۔ اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست تک جاری رہیں گے۔

ایمرجنسی کے تحت حکومت فوری طور پر اولمپکس مقابلے دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد 10 ہزار سے گھٹا کر پانچ ہزار کر سکتی ہے یا سب کو اولمپکس دیکھنے کے لیے جانے سے روک سکتی ہے۔

اولمپکس کے منتظمین نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ انہوں نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر اولمپکس دیکھنے کے شائقین کی تعداد 10 ہزار کر دی ہے جو گراؤنڈ کی استعداد کے مقابلے میں آدھی ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کے درمیان سماجی فاصلہ قائم رکھنا ہے۔

ٹوکیو کا نیشنل اسٹیڈیم جہاں اولمپکس کرائے جا رہے ہیں۔ 7 جولائی 2021

علاوہ ازیں منتظمین نے شائقین کو کھلاڑیوں کے قریب جانے، آٹوگراف لینے اور ان کے ساتھ سیلفی بنانے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

مقامی اور قومی حکومت کے حکام اور اولمپکس اور پیرا اولمپکس کے عہدے دار انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیچ کے ساتھ اجلاس کے بعد شائقین کو اولمپکس دیکھنے کے لیے آنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔

تھامس بیچ جمعرات کو ٹوکیو پہنچنے کے فوری بعد تین روزہ لازمی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، جب کہ دوسری جانب صحت کے ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ اولمپکس کے انعقاد سے کرونا وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے انہیں ملتوی کر دیا جائے۔

غیر ملکی شائقین پر اولمپکس دیکھنے کے لیے جاپان جانے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔

ٹوکیو میں پولیس اہل کاروں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ 15 جون 2021

مقامی اور قومی حکومت کے حکام اور اولمپکس اور پیرا اولمپکس کے عہدے دار انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیچ کے ساتھ اجلاس کے بعد شائقین کو اولمپکس دیکھنے کے لیے آنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔

ٹوکیو اور دوسرے کئی علاقوں میں اپریل میں نافذ کی جانے والی کرونا ایمرجنسی میں گزشہ ماہ کچھ نرمی کر دی گئی تھی۔ تاہم، ایمرجنسی کی نرم شرائط 11 جولائی تک برقرار رہیں گی۔

جاپان کو حالیہ عرصے میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بدھ کے روز ملک بھر سے 920 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو مئی کے بعد سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔

کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر گزشتہ سال اولمپکس کا انعقاد ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

SEE ALSO: ٹوکیو اولمپکس: کرونا کے باعث غیر ملکی شائقین کی آمد پر پابندی کا اعلان

جاپان میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم سست روی کا شکار ہے اور لوگ ویکسین لگوانے سے اجتناب کر رہے ہیں۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 15 فی صد آبادی کو ویکسین کی دونوں خوراکیں ملی ہیں۔

تاہم، اب ٹوکیو میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مقابلے کرانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اولمپک کی علامتی مشعل جمعے کے روز ٹوکیو پہنچ رہی ہے۔ اولمپکس منتظمین نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ مشعل لے کر ٹوکیو کی سٹرکوں پر دوڑنے والے کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیے سٹرکوں کے اطراف میں اکھٹے نہ ہوں۔

احتیاطی اقدامات کے تحت اولمپک مشعل کی آمد پر عوامی تقریب منعقد نہیں کی جا رہی۔ اس سلسلے میں ایک چھوٹی سطح کی تقریب ہو گی جس میں عام لوگوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔