کرونا وائرس: اولمپکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی

کرونا وائرس کی وجہ سے جاپان میں ہونے والے اولمپکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

برطانوی اخبار 'گارجین' کی رپورٹ کے مطابق اولمپکس 2020 ملتوی کرنے کا فیصلہ جاپان کے وزیر اعظم شینزو بے اور انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بعد سامنے آیا۔

جاپانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ اولمپکس منسوخ کرنے کا سوال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جبکہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر نے بات پر اتفاق کیا کہ عالمی وبا کے باعث کھیل ملتوی کر دیے جائیں۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر سے گفتگو کے بعد صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے شینزو بے نے مزید کہا کہ اب اولمپکس آئندہ سال یعنی 2021 کے موسم گرما میں ہوں گے۔

انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی اور ٹوکیو 2020 کی انتظامی کمیٹی کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کھیلوں کی تاریخیں 2020 کے بعد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہےتاہم یہ تاریخیں 2021 کے موسم گرما سے آگے نہیں جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق کھیلوں کو ملتوی کرنے کافیصلہ کھلاڑیوں اور اولمپکس سے متعلقہ افراد کی صحت کی حفاظت کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ملتوی کرنے کا مطالبہ

قبل ازیں کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد اب امریکہ بھی 'کووڈ-19' یعنی کرونا وائرس کے سبب ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے کھلاڑیوں سے کھیلوں کے التوا پر مشاورت کی تھی جس میں تمام کھلاڑیوں نے گیمز کے التوا کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔

امریکہ کا کہنا ہے کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق تحفظات برقرار رہنے تک وہ اپنے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں لائے گا کیوں کہ کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق تشویش دور ہونے تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔

امریکہ اولمپکس کی تاریخ کا سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے والا ملک ہے جب کہ اولمپکس کو نشر کرنے کے لیے امریکی براڈ کاسٹر این بی سی کے ساتھ ہونے والے حقوق کا معاہدہ آئی او سی کے سالانہ محصولات کا 50 سے 70 فی صد ہے۔

جاپان کے ایک روزنامے سنکیے نے منگل کو شائع ہونے والی ایک خبر میں کہا گیا تھا کہ حکومت آئی او سی کے ساتھ اولمپکس 2020 کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے سے متعلق بات چیت کر رہی ہے۔ اگر ان کھیلوں کو ملتوی کیا گیا تو یہ اولمپک گیمز کی 124 سالہ تاریخ کا پہلا واقعہ ہوگا۔

آئی او سی اور جاپانی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے مشاورت کریں گے۔

پیر کو آئی او سی بورڈ کے سابق ممبر ڈک پاؤنڈ نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ کمیٹی کرونا وائرس کی وبا کے سبب اولمپک گیمز کو ممکنہ طور پر ایک سال کے لیے ملتوی کرنے پر آمادگی ظاہر کردے گی۔

کینیڈا اور آسٹریلیا پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر اولمپک رواں سال شیڈول کے مطابق ہوئے تو وہ اپنے کھلاڑی ٹوکیو نہیں بھیجیں گے۔

اولمپکس کے لیے میزبان ملک جاپان نے اب تک 12 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔