’بیت الخلاء‘ سے محبت کی ’منفرد‘ کہانی

’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ اکشے کمار کا اپنے ہم وطنوں کے نام ہنستے ہنستے دیا گیا ایسا پیغام ہے جو ہر دل پر اثر کرتا ہے ۔جنوبی ایشیائی ممالک کے دکھ ، سکھ اور مسائل بھی ساجھے ہیں اور سرزمین بھی۔۔۔ فلم کے ذریعے پاکستانی عوام کو بھی ایک اچھا پیغام مل سکے گا۔

بالی ووڈ ایکٹر اکشے کمار کی نئی فلم ’ ’ٹوائلٹ : ایک پریم کتھا‘‘ ۔۔’بیت الخلاء سے محبت‘ کی ایسی ’کہانی‘ ہےجو آپ نے اب تک نہ کہیں سنی ہوگی اور نہ پڑھی ہو گی۔

بھلا بیت الخلاء سے بھی کوئی محبت کرتا ہے؟
ہاں۔ وہ ممالک بالخصوص بھارت جہاں کے 564 ملین لوگوں کے پاس گھروں میں بیت الخلاء کی سہولت موجود نہ ہو۔

جہاں کی خواتین کو ہر صبح لوٹا پکڑ کر ٹولیوں کی شکل میں ڈرتے ڈرتے جنگلوں میں جانا پڑتا ہو۔

جہاں کی لڑکیاں محض فطری ضرورت کے لئے گھروں سے چھپتے چھپاتے نکلتی اور اسی کی آڑ میں یونیسیف رپورٹ کے مطابق سالانہ 50 فیصد نوعمر لڑکیوں کو اپنی عصمت گنوانی پڑتی ہو، وہاں بیت الخلاء سے ’محبت‘ نہ ہو گی تو کیا ہوگا۔

گھروں میں بیت الخلاء کی عدم موجودگی بھارت اور خاص کر وہاں کے دیہات کا ایسا معاشرتی مسئلہ ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سنگین سے سنگین تر ہوتا جارہا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار میں آتے ہی ’سواچھ بھارت ‘ یعنی ’صاف ستھرا بھارت ‘کے نام سے جو مہم چلائی تھی اس کے حق میں ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ اکشے کمار کا اپنے ہم وطنوں کے نام ہنستے ہنستے دیا گیا ایسا پیغام ہے جو ہر دل پر اثر کرتا ہے۔

حالیہ مہینوں میں بالی ووڈ کے میگا اسٹار بگ بی، امیتابھ بچن اور ودیا بالن جیسی بڑی فنکارہ بھی عوام میں بیت الخلاء سے متعلق آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں۔ بھارت بھر میں اس فلم کو اسی مہم کے تناظر میں دیکھا جائے گا اور یوں فلم کے ذریعے اس مہم کو آگے بڑھانے میں بے انتہا مدد ملے گی۔

جنوبی ایشیائی ممالک کےدکھ ، سکھ اور مسائل بھی ساجھے ہیں اور سرزمین بھی۔ بھارت کی طرح پاکستان میں بھی یہ مسئلہ مقابلتاً کچھ کم سنگین سہی مگر موجود ضرور ہے۔ اس لئے فلم کے ذریعے پاکستانی عوام کو بھی ایک اچھا پیغام مل سکے گا۔

فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ گیارہ اگست کو ریلیزہوگی جبکہ اس کا پہلا ٹریلر اتوار تک ریلیز ہوجائے گا۔

فلم ہیرو ظاہر ہے اکشے کمار ہیں جبکہ ہیروئن کے طور پر بھومی سامنے آرہی ہیں۔ دیگر فنکاروں میں انوپم کھیر اور ثناء خان شامل ہیں۔