افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں مزید تین ماہ کی توسیع

پاکستان میں وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام میں تین ماہ کی عبوری توسیع کی اجازت دے دی ہے۔ کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت ہوا جس میں مختلف قوانین میں ترامیم اور معاملات پر غور کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں پاکستان نے ملک میں موجود رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں مزید تین ماہ کی عبوری توسیع کر دی ہے، جبکہ نگران حکومت کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر آئندہ والی حکومت کوئی فیصلہ کرے۔

پاکستان میں لگ بھگ 14 لاکھ اندارج شدہ افغان مہاجرین مقیم ہیں جب کہ لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین ایسے بھی ہیں جن کے کوائف کا اندارج نہیں ہے۔ تاہم، اب یہ کام مرحلہ وار جاری ہے۔

واضح رہے کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں 31 دسمبر 2017ء کو کئی گئی ایک ماہ کی توسیع 31 جنوری 2018ء کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد دو ماہ کی توسیع ہوئی جو 31 مارچ میں ختم ہوگئی۔ تاہم، اس وقت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تین ماہ کی مزید توسیع دی اور اب نگران حکومت نے ایک بار پھر تین ماہ کی عبوری توسیع دیدی ہے۔

کابینہ اجلاس میں نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے فناننشل ایکشن ٹاسک فورس کے پیرس میں ہونے والے حالیہ اجلاس کے حوالے سےکابینہ ارکان کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

اجلاس میں فنانشل انسٹی ٹیوٹشن رولز 2018 کی منظوری بھی اور وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کو فنانشل انسٹی ٹیوشنز کے رول 20(7) کے تحت لازم تفتیشی ایجنسی مقرر کر دیا۔