پاکستان بھر میں اتوار کا سورج شدید گرمی لے کر طلوع ہوا۔ متعدد شہروں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے نہیں آیا۔ سخت اور خشک موسم نے لوگوں کو گھروں تک محدود کردیا۔
سندھ میں سب سے زیادہ گرمی نواب شاہ میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت 47ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ پنجاب کے شہروں کوٹ ادو ، نورپورتھل میں بھی درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ سال کراچی میں 46 ڈگری پر 1200 اموات ہوگئی تھیں ۔ اموات کی ایک بڑی وجہ سمندری ہوا کا بند ہونا تھا تاہم اتوار کو سمندری ہوا چلتی رہی ۔دن کے اوقات میں سب سے کم درجہ حرارت لاہور میں ریکارڈ کیا گیا جو 43 ڈگری تھا ، اس طرح رحیم یارخان میں درجہ حرارت 45 ، ملتان ،بھکر اور بہاولنگرمیں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ رہا۔ لاہور، حیدرآباد ،اوکاڑہ، خان پور، ڈی جی خان، بہاولپور اور فیصل آباد میں پارہ 43 ڈگری تک پہنچا۔
درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈبھی ہوسکتا ہے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مئی کے شروع ہوتے ہی ملک بھرمیں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جو جون تک برقرار رہے گا۔ ماہرین موسمیات نے خبردارکیا ہے کہ رواں سال کا موسم گرما گزشتہ سالوں کی بسنت زیادہ گرم ہوگا جس میں پاکستان کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت50ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرغلام رسول کا کہنا ہے کہ مئی میں بارشوں کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے اورپاکستان کے وسطی اورجنوبی حصوں میں پارہ 50 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے۔بارش نہ ہونے سے موسم کی سختی میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ہواوٴں کا رخ تبدیل ہونے سے گرمی کی شدت پچھلے چند سالوں سے کافی زیادہ ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹررسول کا یہ بھی کہنا تھا کہ موسم کی شدت میں اضافے کا سبب ماحولیاتی تبدیلیاں اور پاکستان بھی گزشتہ چند سالوں سے ان تبدیلیوں کی لپیٹ میں ہے۔اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے امکان یہ ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے تک شدید گرمی پڑے گی اور موسم خشک رہے گا۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے ترجمان احمد کمال کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لئے این ڈی ایم اے محکمہ موسمیات کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے اورتمام صوبائی محکموں کوکسی بھی ناخوشگواراورہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کراچی کو’ہیٹ ویو ‘ کا سامنا ہوگا
محکمہ موسمیات نے خبردارکیا ہے کہ کراچی میں مئی اور جون میں اس سال بھی گرمی کی شدید لہر یعنی ’ہیٹ ویو‘ آئے گی جس کی شدت پچھلے سال سے زیادہ ہوگی اور جو ایک بار نہیں کئی بار آئے گی ۔
ہیٹ ویو کا دورانیہ 4 سے 5 روز ہوسکتا ہے۔، ہیٹ ویو کے دنوں میں درجہ حرارت 45 تک جائے گالیکن ہوا بند ہونے سے اس کی شدید زیادہ محسوس ہو گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے وسط میں پری مون سون بارشیں شروع ہوجائیں گی جس سے بلاخر موسم تبدیل ہوجائے گا۔