بارش سے کھیل متاثر: بھارت اور آسٹریلیا میں تیسرا ٹیسٹ بے نتیجہ ختم

  • آسٹریلیا نے برسبین ٹیسٹ جیتنے کے لیے بھارت کو 275 رنز کا ہدف دیا تھا۔
  • آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کی۔
  • بھارت نے دوسری اننگز میں بغیر کسی کے نقصان کے آٹھ رنز بنائے تھے کہ بارش ہو گئی جس کی وجہ سے دن کا اختتام کرنا پڑا۔
  • پانچ میچ کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔
  • سیریز کا چوتھا میچ 26 دسمبر سے میلبرن اور آخری میچ تین جنوری سے سڈنی میں شروع ہو گا۔

ویب ڈیسک — آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان بارش کی وجہ سے متاثر ہونے والا برسبین ٹیسٹ کسی بھی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا ہے۔

برسبین میں بدھ کو کھیل کا پانچواں اور آخری دن سنسنی سے بھر پور رہا۔

چائے کے وقفے تک مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں گریں اور بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور یوں میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

بھارتی بلے باز جسپریت بمرا اور آکاش پردیپ نے بدھ کو نو وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے باز مجموعی اسکور میں صرف آٹھ رنز کا اضافہ ہی کر سکے تھے کہ مہمان ٹیم 260 رنز پر سمٹ گئی۔

اس طرح آسٹریلیا کو بھارت پر 185 رنز کی برتری ملی۔ لیکن بھارتی بالرز نے اُس وقت آسٹریلوی ٹیم کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور کیا جب دوسری اننگز میں آسٹریلوی بلے باز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے گئے۔

جسپریت بمرا، محمد سراج اور آکاش دیپ کی تیز رفتار بالنگ کے سامنے آسٹریلوی بیٹنگ لائن تھم نہ سکی۔

آسٹریلوی اوپنر نیتھن مک سوینی چار، عثمان خواجہ آٹھ، مارنس لبوشین ایک، مچل مارش دو، ٹریوس ہیڈ 17، اسٹیون اسمتھ چار اور کپتان پیٹ کمنز 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے تین، محمد سراج اور آکاش پردیپ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

صرف 89 کے مجموعی اسکور پر سات وکٹیں گنوانے کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اننگز ڈکلیر کرنے کا فیصلہ کیا تو بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 275 رنز کا ہدف ملا۔

آسٹریلوی کپتان کا اننگز ڈکلیئر کرنے کا بظاہر فیصلہ میچ جیتنے کے لیے تھا لیکن جب بھارتی بلے بازوں نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے آٹھ رنز ہی بنائے تھے کہ آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور اس قدر برسے کے میچ آفیشلز کو میچ ختم کرنا پڑا۔

اس طرح تیسرے ٹیسٹ کا اختتام کسی نتیجے کے بغیر ہوا۔

واضح رہے کہ برسبین ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی ٹیم نے ٹریوس ہیڈ اور اسٹوین اسمتھ کی سینچریوں کی بدولت 445 رنز بنائے تھے۔ جس کے جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 260 رنز بنا سکی تھی۔

پانچ میچز پر مشتمل سیریز میں دونوں ٹیمیں اب تک ایک، ایک میچ میں کامیابی حاصل کر پائی ہیں۔

سیریز کا چوتھا میچ 26 دسمبر سے میلبرن اور آخری میچ تین جنوری سے سڈنی میں شروع ہو گا۔