تھائی لینڈ: تین بم دھماکوں میں پانچ افراد زخمی

تھائی لینڈ: تین بم دھماکوں میں پانچ افراد زخمی

تھائی لینڈ کے حکام نے کہاہے کہ منگل کے روز بنکاک میں تین سلسلے وار بم دھماکے ہوئے۔ ایک بم اس وقت پھٹ گیا جب ایک ایرانی شخص اسے کہیں لے جانے کی کوشش کررہاتھا ، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔جب کہ ان بم دھماکوں میں چارمزید افراد بھی زخمی ہوئے۔

سرکاری عہدے داروں کا کہناہے کہ پہلا دھماکہ تھائی دارالحکومت کے وسطی حصے میں واقع ایک مکان میں ہوا جسے ایک شخص نے حال ہی میں کرائے پر لیاتھا۔

یہ دھماکہ اس واقعہ کے کچھ ہی دیر بعد ہوا جب ایک شخص نے ایک ٹیکسی پر بم پھینکا کیونکہ اس نے رکنے سے انکار کردیا تھا۔ جب کہ کچھ دیر کے بعد ایک مصروف سڑک پر واقع ایک اسکول کے قریب پولیس پر ہینڈ گرنیڈ پھینکنے کی کوشش کی گئی۔

اسرائیل کے وزیر دفاع ایہود بارک نے بنکاک میں ہونے والے بم دھماکوں کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔

ان کا کہناہے کہ منگل کے روز سنگاپور کے ایک سرکاری دورے کے دوران اس طرح کے واقعات کا رونما ہونا ایک بار پھر یہ نشان دہی کرتے ہیں کہ ایران اور اس کے اتحادی دہشت پھیلانے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بم دھماکے بھارت اور جارجیا میں اسرائیلی سفارت کاروں کو ہدف بنا کر کیے گئے بم دھماکوں کے ایک روز بعد ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے ان بم دھماکوں کا الزام ایران اور اس کی حمایت یافتہ اسلام پسند تنظیم حزب اللہ پر لگایا تھا۔

تھائی لینڈ کے حکام نے کہا کہ ابھی یہ غیر واضح ہے کہ ان دھماکوں کا آپس میں کوئی تعلق ہوسکتا ہے۔

تھائی حکام کو مذکورہ شخص کے گھر سے مزید دھماکہ خیز مواد ملا ہے، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کس مقصد کے لیے جمع کیا گیاتھا۔ پولیس کا کہناہے کہ گھر سے مذکورہ شخص کا ایرانی پاسپورٹ بھی ملا ہے۔

پولیس کا کہناہے دو غیر ملکیوں کو مشتبہ شخص کے ساتھ گھر سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ تھائی حکام کا کہناہے کہ انہوں نے بنکاک انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ایک اور ایرانی شخص کو حراست میں لیا، لیکن اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا کہ آیا اس کا منگل کے بم دھماکوں سے کوئی تعلق تھا۔