اسلام آباد میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ڈیوس کپ ایشیا اوشینا گروپ ٹو کے مقابلوں میں پاکستان نے دو کے مقابلے میں تین میچوں سے فتح حاصل کر کے گروپ ون میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کے نمبر دو کھلاڑی عقیل خان نے تھائی لینڈ کے کٹی فونگ وچیرا مانوونگ کو سخت مقابلے کے بعد پانچ سیٹس میں شکست دے دی۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹ میں یہ میچ تین گھنٹے تک جاری رہا۔ اس میچ میں عقیل خان نے جارحانہ کھیل کے ساتھ ابتدائی دو سیٹس 6-4 اور 6-3 سے جیت لیے۔ اس وقت یوں محسوس ہو رہا تھا کہ وہ یہ مقابلہ باآسانی جیت جائیں گے لیکن تھائی کھلاڑی نے شاندار طریقے سے کم بیک کرتے ہوئے اگلے دو سیٹس 6-3 اور 6-2 سے جیت لئے اور یوں کے میچ دو دو سے برابر ہو گیا۔
مگر آخری سیٹ میں پاکستان کے عقیل خان نے ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تھائی کھلاڑی کو 6-2 سے ہرا کر یہ میچ 3۔2 سے جیت لیا ۔
اس سے پہلے ریورس سنگلز کے پہلے میچ میں پاکستان کے نمبر ایک کھلاڑی اعصام الحق تھائی لینڈ کے وشایا ٹرونگ چاراؤنچائکل سے ایک زبردست مقابلے کے بعد ہار گئے تھے۔ چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اس میچ میں تھائی کھلاڑی نے پہلے دو سیٹ جیت کر برتری حاصل کر لی تھی لیکن بعد میں اعصام نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹ جیت لیے۔
آخری سیٹ کے شروع میں اعصام کو تھائی کھلاڑی کی سروس بریک کرنے کے تین مواقع ملے لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوئے۔ اس موقع پر پٹھے کھنچ جانے کی وجہ سے اعصام الحق کو کھیلنے میں دشواری پیش آنے لگی جس کا فائدہ اُتھاتے ہوئے وشایا نے یہ میچ 7-5، 7-6، 6-4، 6-7 اور 7-6 سے جیت لیا۔
تھائی لینڈ کے خلاف اس کامیابی کے بعد پاکستان ڈیوس کپ کے گروپ ون میں پہنچ گیا ہے۔
پاکستان میں ڈیوس کپ کی میزبانی 12 سال بعد ممکن ہوئی ہے۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان کو گزشتہ بارہ برس کے دوران میزبانی کا موقع نہیں دیا گیا تھا۔ کرکٹ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ٹینس کے ان مقابلوں کا پاکستان میں کامیاب انعقاد پاکستان میں مزید بین الاقوامی کھیلوں کےانعقاد کا دروازہ کھول سکتا ہے۔