ٹنڈولکر کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ٹنڈولکر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے اپنا پہلا میچ 1989ء میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف اس وقت کھیلا تھا جب ان کی عمر صرف 16 برس تھی۔
بھارت کےا سٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ میچ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

سنچریوں کی سنچری مکمل کرنے والے ٹنڈولکر کا یہ 200 واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔

جمعرات کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کرکٹ کھیلنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا اور انہوں نے اپنی زندگی کے گزشتہ 24 سال اس خواب کی تعبیر میں گزارے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں بھارت کی قومی ٹیم کی طرف سے کرکٹ کھیلنے کو ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ اپنا 200 واں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ٹنڈولکر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے اپنا پہلا میچ 1989ء میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف اس وقت کھیلا تھا جب ان کی عمر صرف 16 برس تھی۔

انہوں نے 198 ٹیسٹ میچوں میں 15 ہزار 837 اور 463 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 18 ہزار 246 رنز اسکور کیے ہیں۔

ٹنڈولکر نے اپنا پہلا اور آخری ٹی20 میچ دسمبر 2006ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جس کے بعد انہوں نے کرکٹ کی اس سب سے مختصر فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

اپنے بیان میں سچن نے بھارتی کرکٹ بورڈ اور اپنے چاہنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔