پی ایس ایل فور کی ٹیمیں، اسلام آباد یونائیٹڈ اعزاز کا دفاع کرے گی

دفاعی چیمپئن: فائل فوٹو

اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کے پہلے اور تیسرے سیزن کی فاتح ہے، سیزن فور میں وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

پاکستان سپر لیگ کی سب سے کامیاب ٹیم اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر رُمان رئیس فٹ ہو گئے ہیں اور وہ سیزن فور میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان ٹی 20 کے فاسٹ بولر محمد سمیع بھی اسلام آباد کو فتح دلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اُنہیں سیزن فور کے لئے کپتان مقرر کیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کے پہلے اور تیسرے سیزن کی فاتح ہے، سیزن فور میں وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

سیزن ون کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 18 اعشاریہ 4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔

ڈیوین اسمتھ کو دھواں دار 51 گیندوں پر چار چھکوں اور سات چوکوں کی دھواں دار 73رنز کی اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔

سیزن تھری میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اُس وقت کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو شکست دے کر اعزاز ایک بار پھر اپنے نام کیا تھا۔ فائنل میں پشاور زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

پشاور زلمی نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے تھے۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 13 گیندوں پہلے ہی ہدف حاصل کرلیا تھا۔

لیوک رونکی نے صرف 26 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سیزن فور میں بھی یونائیٹڈ کو نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر و بیٹس مین لیوک رونکی کی خدمات حاصل ہوں گی۔ وہ مختصر فارمیٹ کے اسپیشلسٹ بیٹس مین کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

رونکی نے 33 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 18 رنز کی اوسط سے مجموعی طور پر 359 رنز بنائے ہیں۔ اُن کا زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 51 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو اسپیشلسٹ بیٹس مینوں میں صاحبزادہ فرحان، آصف علی، حسین طلعت، لیوک رونکی، این بیل، فلپ سالٹ، رضوان حسین اور ناصر نواز کی خدمات حاصل ہوں گی۔

این بیل کا تعلق انگلینڈ سے ہے۔ انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں 8 میچوں میں 188 رنز بنائے ہیں۔ سب سے زیادہ اسکور 60 رنز ناٹ آؤٹ ہے، جبکہ فلپ سالٹ کا تعلق بھی انگلینڈ ہے اور وہ 29 ٹی 20 میچوں میں 25 اعشاریہ 5 کی اوسط سے 612 رنز بنا چکے ہیں۔

بولرز میں محمد سمیع، رمان رئیس، شاداب خان، وین پارنیل، ظفر گوہر، وقاص مقصود، محمد موسیٰ اور زاہد خان ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کریں گے۔

رومان رئیس نے پاکستان ٹیم کی جانب سے 8 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے 8 وکٹیں لی ہیں۔ شاداب خان موجودہ قومی ٹیم کا حصہ ہیں اور 31 میچوں میں 41 وکٹیں لے چکے ہیں۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم میڈیم فاسٹ بولر پارنیل نے 40 ٹی 20 میچوں میں 41 وکٹیں لی ہیں۔

آل راؤنڈر میں فہیم اشرف، کیمرون ڈیل پورٹ، سمیت پاٹیل اور عماد بٹ بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں اپنی کارکردگی کے جوہر دکھائیں گے۔

فہیم اشرف کا شمار قومی ٹیم کے اہم آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔ 24 میچوں میں ان کی 22 وکٹیں ہیں جبکہ 104 رنز بھی ان کے کھاتے میں ہیں۔

کیمرون ڈیل پورٹ کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ وہ 183 ٹی 20 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔، ان کے مجموعی رنز کی تعداد 4175 ہے۔ 109 ناٹ آؤٹ ان کا بہترین اسکور ہے۔ وہ 55 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔

سمت پاٹیل انگلینڈ کے اہم آل راؤنڈر ہیں۔، 238 ٹی 20 میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 199 ہے، جبکہ 25 اعشاریہ 62 کی اوسط سے 4313 رنز بھی بنا چکے ہیں۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ ترین خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675