کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک چینی باشندہ ہلاک

سندھ کے وزیر داخلہ سہیل اانور سیال میڈیا کو واقعے کی تفصیلات بتا رہے ہیں۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس زمزمہ میں نامعلوم افراد نے چینی باشندے کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی باشندے چین ژو اور ژونگ کار میں سوار تھے جن پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں چین ژو ہلاک جبکہ ایک راہ گیر پاکستانی شہری زخمی ہو گیا۔ ڈی آئی جی کراچی جنوبی آزاد خان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقع ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے ہیں۔ پولیس کے مطابق نشانہ بنائے گئے چینی باشندے ایک شپنگ کمپنی میں ملازم ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد گاڑی میں سوار دوسرا چینی باشندہ وقوعے سے فرار ہوگیا جسے بعد میں تفتیش کے لئے پولیس اسٹیشن طلب کرلیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ملزمان کو گرفتارکرلیا جائے گا۔

دوسری جانب آئی جی سندھ نے چینی باشندوں پر فائرنگ کے معاملہ کی مزید تحقیقات کے لئے تفتیش انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کے انچارج راجہ عمر خطاب کے سپرد کردی ہے۔

کراچی میں تواتر کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ایک عشرے سے رونما ہوتے رہے ہیں۔ تاہم 2014 سے جاری پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشنز کے بعد اس میں خاطر خواہ کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کے چند واقعات سامنے آتے رہے ہیں جبکہ یہاں مقیم غیر ملکیوں کیلئے مختلف خطرات اب بھی موجود ہیں۔