کراچی: ٹارگٹ کلنگ جاری، 7 افراد ہلاک

شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کی غرض سے سیکورٹی حکام نے متعدد سخت اقدامات کئے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹارگٹ کلنک کو روکا نہیں جا سکا ہے۔
کراچی میں مہینوں سے جاری ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تمام کوششوں کے باوجود بھی اب تک نہیں رک سکا ہے۔ منگل کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات پیش آئے جن میں سات افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس کو مختلف علاقوں سے کئی افراد کی پُرتشدد لاشیں بھی ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق منگل کو گلستان ِجوہر میں واقع محکمہ ِموسمیات کے دفتر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ کراچی ائیر پورٹ کے ’اسٹار گیٹ‘ پر نامعلوم افراد ایک ٹیکسی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کی غرض سے سیکورٹی حکام نے متعدد سخت اقدامات کئے ہیں جبکہ رینجرز آئے دن مختلف علاقوں کا محاصرہ کرکے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن بھی کرتی رہی ہے لیکن اس کے باوجود ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔