تاجک فوجی ہیلی کاپٹرتباہ: 27افراد ہلاک

تاجکستان میں سکیورٹی فورسز نے بتایا ہے کہ کم از کم 27فوجی اُس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک فوجی ہیلی کاپٹر جس میں ‘اِلیٹ اسپیشل فورسز یونٹ ’کے ارکان سوار تھے بدھ کو گِر کر تباہ ہوگیا۔

ایک فوجی ذریعے نےگمنام رہنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی الفا اسپیشل ٹاسک فورس کے 20ارکان اور بری فوج کےسات سپاہی اُس وقت ہلاک ہوگئے جب مشرقی تاجکستان میں وادیٴ رشت میں ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہوگیا۔

تاجک نیشنل گارڈز نے جو ایم ون 8کے روسی ساخت کے ہیلی کاپٹر چلاتی ہے، اُس کے پریس آفس نے حادثے میں عملے کے چار ارکان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جسے اُس نے تکنیکی خرابی سے تعبیر کیا ہے۔

تاجک مسلح افواج نےستمبر میں ایک فوجی قافلے پر گھات لگا کرکیے جانے والے حملے میں 28فوجیوں کی ہلاکت کے بعد گذشتہ ماہ افغان سرحد سے تقریباً 75کلومیٹر دوروادیٴ رشت میں جنگی کارروائی شروع کی تھی۔ القاعدہ سے منسلک ازبکستان کی اسلامی تحریک نے حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔

تاجک عہدے داروں کا کہنا ہے کہ نیٹو کی قیادت میں افواج کی کارروائیوں سے بچنے کے لیے طالبان اور القاعدہ کے جنگجو شمالی افغانستان کے راستے تاجکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہےہیں۔