شام: باغیوں کے حملے میں 20 سکیورٹی اہلکار ہلاک

فائل

شامی باغیوں کے سب سے بڑے اتحاد 'اسلامک فرنٹ' نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں 40 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
شام کے شمالی شہر حلب میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 20 سکیورٹی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی حزبِ اختلاف کی حامی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق دھماکہ ہفتے کو حلب کے قدیم علاقے میں قائم زہراوی بازار کے نزدیک ہوا۔

شامی باغیوں کے سب سے بڑے اتحاد 'اسلامک فرنٹ' نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں 40 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

باغی تنظیم نے دھماکے کی ایک ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر جاری کی ہے جس میں ایک زوردار دھماکے کے بعد جائے واقعہ سے گرد و غبار اور دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

باغیوں کے مطابق انہوں نے ایک فوجی مرکز کے نیچے سرنگ کھود کر وہاں بارود بھرا تھا جس میں دھماکہ کیا گیا۔

حالیہ مہینوں کے دوران شامی باغیوں نے فوجی چوکیوں اور مراکز کے نیچے سرنگیں کھود کر ان میں دھماکے کرنے کا نیا حربہ اختیار کیا ہے جس سے شامی سکیورٹی اداروں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق شام میں گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے جاری خانہ جنگی اور باغیوں اور سرکاری فورسز کی لڑائی میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔