شام میں درجنوں باغی ہلاک

رواں ہفتے یہ باغی فوج کی طرف سے محصور کیے گئے علاقے سے فرار کی کوششوں کے دوران مارے گئے۔
شام کے سرگرم کارکنوں اور سرکاری میڈیا کے مطابق وسطی شہر حمص میں رواں ہفتے وسطی درجنوں باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ باغی فوج کی طرف سے محصور کیے گئے علاقے سے فرار کی کوششوں کے دوران مارے گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی نے جمعہ کو بتایا کہ شہر کے شمالی حصے سے فرار کی کوشش کرنے والے 37 باغیوں کو فوج نے ہلاک کر دیا۔

دریں اثناء سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق بدھ اور جمعرات کو ہونے والی شدید لڑائی میں حزب مخالف کے 45 جنگجو مارے گئے۔

تاہم نہ ہی سرکاری میڈیا اور نہ ہی انسانی حقوق کے گروپ نے سرکاری فوج کے جانی نقصان بارے کوئی تفصیلات بتائیں۔

شام کے صدر بشارالاسد کی حامی فورسز نے گزشتہ چار ماہ سے تیسرے بڑے شہر حمص کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ صدر کے خلاف تحریک میں یہ شہر ایک اہم مرکز رہا ہے۔