امریکہ نے عرب لیگ میں شام کی رکنیت کی بحالی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب ملکوں کی تنظیم میں شام کی واپسی مناسب نہیں ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نے پیر کو میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ہمیں بدستور یقین ہے کہ بشارالاسد حکومت کے ساتھ ہمارے تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کیجانب سے اسد حکومت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی حمایت نہیں کرے گا۔
SEE ALSO: برسوں کی تلخی کے بعد ایران اور شام کے حکام کا دورۂ سعودی عربواضح رہے کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اتوار کو عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شام کی رکنیت بحال کرنے پر رائے شماری ہوئی تھی جس میں اکثریتِ رائے سے شام کو دوبارہ تنظیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
دس سال قبل خانہ جنگی کی وجہ سے عرب ممالک کی تنظیم نے شام کی رکنیت معطل کردی تھی۔
عرب لیگ میں شامل بعض ملکوں نے سیاسی حل کے بغیر شام کی رکنیت بحال کرنے کی مخالفت کی ہے۔
امریکہ کے محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ وہ شام میں عرب ممالک کے مشترکہ اہداف کا حامی ہے۔ لیکن شام میں جاری تنازع کے حل کے لیے صدر بشار الاسد کے عزائم کے بارے میں اسے تحفظات ہیں۔