شام کی صورتحال پر علاقائی وزرائے خارجہ کا اجلاس

شام کی صورتحال پر علاقائی وزرائے خارجہ کا اجلاس

ایسے میں جب شام کو خطے میں مزید تنہائی کا سامنا ہے، عرب ممالک اور ترکی کے وزرائے خارجہ مراکش کے دارالحکومت میں ملاقات کررہے ہیں جس کا مقصد دمشق کی طرف سے اپنے مخالفین پر گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری کریک ڈاؤن کے خاتمے سے انکار کے بعد شام پر مزید پابندیاں کیے جانے پر غور کرنا ہے۔

عرب لیگ کے 22 ممالک کے اعلیٰ سفارتکار بدھ کو عرب، ترک تعاون کے اجلاس کے موقع پر رباط میں ملاقات کررہے ہیں۔ اس فورم میں ترکی کے وزیر خارجہ احمد داوت اوغلو نے بھی شرکت کی۔

عرب لیگ نے گزشتہ ہفتے شام کی رکنیت بھی معطل کردی تھی جو کہ بدھ سے نافذالعمل ہونا تھی۔

شام کا کہنا ہے کہ وہ رباط میں ہونے والی ملاقات کا بائیکاٹ کرے گا جس میں توقع ہے کہ وزرائے خارجہ دمشق سے اپنے سفراء کی واپسی سمیت مزید پابندیوں پر غور کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے عرب لیگ پر زور دیا ہے کہ وہ شام کے صدر کو یہ پیغام بھیجیں کہ بشارالاسد ملک میں جمہوریت کو موقع دیں اور اپنے لوگوں کے خلاف تشدد بند کریں۔