صدر اسد امن معاہدے پر فوری عمل کریں، کوفی عنان

اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے سفارت کار کوفی عنان نے کہاہے کہ شام کی حکومت لازمی طورپر فوراً فائر بندی پر عمل درآمد کرے اور حکومت مخالف تنظیموں پر حملے روک دے۔ جب کہ جمعے کو ملک بھر میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان تازہ جھڑپوں کے واقعات ہوئے۔

کوفی عنان کے ترجمان احمد فوزی نے جنیوا میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اب صدر بشارالاسد کے لیے ڈیڈ لائن یہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سابق سربراہ کے چھ نکاتی امن منصوبے پر فوری عمل درآمد کریں۔

ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ اگر صدر اسد نے مجوزہ منصوبے پر عمل نہ کیاتو ان کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی۔

مسٹر اسد نے منگل کو امن منصوبے پر اتقاق کرلیا تھا ، جب کہ ملک کے مختلف حصوں میں تقریباً ہر روز ہی تشدد کے واقعات پیش آتے رہے۔

شام میں انسانی حقوق سے متعلق تنظیم نے جمعے کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سرکاری فورسز حمص میں بدستور اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور مارٹر گولے داغ رہی ہیں جن کے نتیجے میں کم ازکم دو افراد ہلاک ہوگئے۔

شمال مشرقی صوبے ادلب اور دارالحکومت دمشق کے مضافات میں بھی لڑائیوں کی اطلاعات ملی ہیں۔