جھوٹ، ایک خود پسند اور ضدی عورت کی کہانی

صالحہ اور اس کے شوہر فاروق میں کوئی ایک بھی قدر مشترک نہیں۔ اُن کے دو بچے ہیں وقار اور زارا۔ وقار 40 سال جبکہ زارا 37 سال کی عمروں کو پہنچ گئے ہیں، مگر ان دونوں کے رشتے تاحال صالحہ کی بے جا احتیاط پسندی اور چھان بین کے باعث نہیں ہو سکے

کراچی ... نیا ڈرامہ سیریل ’جھوٹ‘ ایک خود پسند اور ضدی عورت صالحہ کی کہانی ہے۔ صالحہ سے اُس کی شادی کے موقع پر ایک جھوٹ بولا گیا ’‘اس جھوٹ کا صالحہ کی شخصیت پر گہرا اثر ہوا۔ بے جا انا، ضد اور احتیاط پسندی اُس کی نفسیات میں شامل ہوگئی‘‘۔

اُس کی اسی احتیاط پسندی اور بے جا چھان بین کی عادت نے اُس کی اولاد کا مستقبل بھی تاریک کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

صالحہ اور اس کے شوہر فاروق میں کوئی ایک بھی قدر مشترک نہیں۔ اُن کے دو بچے ہیں وقار اور زارا۔ وقار 40 سال جبکہ زارا 37 سال کی عمروں کو پہنچ گئے ہیں مگر ان دونوں کے رشتے تاحال صالحہ کی بے جا احتیاط پسندی اور چھان بین کے باعث نہیں ہو سکے۔

صالحہ ہر رشتے میں اس قدر چھان بین کرتی ہے کہ سامنے والے بددل ہو جاتے ہیں۔ وقار کی تین منگنیاں چھوٹی چھوٹی باتوں پر ٹوٹ چکی ہیں جن میں سے ایک صدف تھی جو وقار کی محبت تھی۔

زارا کی بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے صالحہ عجلت میں اس کی شادی جمال سے کرتی ہے جو متوسط طبقے کا نوجوان ہے مگر خود کو مالدار ظاہر کرتا ہے جبکہ دوسری طرف صالحہ جمال کے گھر والوں سے اس کی عمر چھپاتی ہے۔

ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’جھوٹ‘ کو تحریر کیا ہے ریما علی سید نے جبکہ ہدایات سید احمد کامران کی ہیں۔ نمایاں فنکاروں میں شامل ہیں بشری انصاری، کامران جیلانی، منشا پاشا، عمران اشرف اور نرگس رشید۔