امریکہ کے شہر نیویارک میں تقریباً چار ہزار رضا کار پیر کی رات اسٹریٹ اور سب سے اسٹیشنوں پر رات بسر کرنے والوں کا سروے مکمل کریں گے۔
یہ سروے مقامی حکومت کی طرف سے بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
نیویارک کی تنظیم 'ہوپ' نے گزشتہ دنوں بے گھر افراد کے سروے کے لیے رضاکاروں کی رجسٹریشن شروع کی تھی اور تنظیم کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اس میں مسلمانوں کی ایک قابل ذکر تعداد سمیت چار ہزار رضا کاروں نے اپنا اندراج کروایا ہے۔
ان رضا کاروں کو بروکلین کے ایک اسکول (پی ایس 102) طلب کیا گیا جہاں ڈپارٹمنٹ ہوم لینڈ سروسز کے حکام انھیں بریفنگ دے کر پورے نیویارک میں بے گھر افراد کے کوائف جمع کرنے کے لیے بھیجیں گے۔
یہ اعداد وشمار شہری حکومت بے گھر افراد کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی میں استعمال کرنا چاہتی ہے۔
نیویارک میں بے گھر افراد کا تعداد کا صحیح اندازہ لگانا تھوڑا مشکل ہے جس کی وجہ ان کا اپنے مقامات کو تبدیل کرتے رہنا بتایا جاتا ہے۔ گزشتہ برس ہونے والے ایک ایسے ہی سروے میں یہ تعداد تقریباً 3357 بتائی گئی تھی۔