قیمتی جانوں کے نقصان پر امریکہ کی شدید مذمت

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہر شخص کو کسی ڈر، خوف یا تشدد کے بغیر اپنے عقائد پر عمل کرنے کا پورا حق ہے، اور امریکہ اس حق کی حمایت کرتا ہے‘

امریکی محکمہٴخارجہ نے کراچی میں ہونے والے بس حملے کی ’سخت الفاظ میں مذمت کی ہے‘، جس میں اسماعیلی برادری کے افراد سوار تھے۔

ترجمان نے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں، ہلاک شدگان کے لیے تعزیت اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اس سانحے میں 45 ہلاکتیں بتائی جاتی ہیں، جب کہ کئی لوگ زخمی ہوئے۔

نامعلوم افراد کے ہاتھوں حملے کا شکار ہونے والی بس صفورا گوٹھ اسکیم 33 میں واقع ’الاظہر گارڈنز‘ سے عائشہ منزل جا رہی تھی۔

ترجمان نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے بیان کا حوالہ دیا ہے جس میں امریکہ کے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں، امریکہ پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر شخص کو کسی ڈر، خوف یا تشدد کے بغیر اپنے عقائد پر عمل پیرا ہونے کا پورا حق ہے، اور امریکہ اس حق کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ اس المناک حملے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے، امریکہ پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، اور ہم حملے کی تفتیش کے سلسلے میں حکام کو درکار مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔