جنوبی ایران میں 5.5شدت کا زلزلہ، مالی و جانی نقصان کی اطلاع نہیں

بوشہر (فائل)

جنوبی ایران میں جمعرات کی صبح کم از کم 5.5 شدت کا زلزلہ آیا، جس سے بحرین اور خلیج فارس کے ارد گرد کےعلاقے لرز اٹھے۔ یہ ایران کے واحد جوہری پاور پلانٹ کے قریب کا خطہ ہے۔ فوری طور پر کسی مالی یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

امریکہ کے ارضیاتی سروے کے ادارے نے بتایا ہے کہ زلزلہ، شام چھ بج کر 34 منٹ (جی ایم ٹی) پر بوشہر کے مشرق میں تقریباً 100 کلومیٹر (60میل) کے فاصلے پر آیا۔ یہ بوشہر نیوکلیئر پاور کا علاقہ ہے، جو اسلامی جمہوریہ کا واحد جوہری پاور پلانٹ ہے۔

ادھر ایران کے سرکاری تحویل میں کام کرنے والے ٹیلی ویژن کے حوالے سے حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت 5.9 تھی۔ زلزلوں کے بعد فوری طور پر شدت کے بارے میں عام طور پر مختلف نوعیت کے دعوے سامنے آتے ہیں۔

ایرانی ٹیلی ویژن نے بوشہر تنصیب کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی، جہاں ماضی میں کئی زلزلے آچکے ہیں، جب کہ اس کی تعمیر اس بنیاد پر کی گئی ہے کہ اُس پر زلزلے کا اثر نہ ہو۔ زلزلے کا مرکز کاکی کے قریب واقع ایک قصبہ ہے۔

ایران کی ریڈ کراس نے زلزلے کے مرکز کے بارے میں بتایا ہے کہ یہ کم آبادی والا علاقہ ہے۔