اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

کراچی ائیرپورٹ پر ٹیم کا اس قدر پُر جوش انداز میں استقبال کیا گیا کہ جشن کا سماں بندھ گیا۔ متعدد سیاست دانوں اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ کے علاوہ کرکٹ لوررز کا جوش بھی دیدنی تھا۔
اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ فٹبال میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی بچوں کی ٹیم کا کراچی ائیر پورٹ پر والہانہ استقبال کیا گیا۔ پاکستانی ٹیم برازیل سے گزشتہ رات وطن پہنچی تھی۔

کراچی ائیرپورٹ پر فٹ بال ٹیم کا اس پُرجوش انداز میں استقبال کیا گیا کہ جشن کا سماں بندھ گیا۔ متعدد سیاست دان اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ کے علاوہ کرکٹ لوررز کا جوش دیدنی تھا۔ جیسے ٹیم لاؤنج سے باہر آئی اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ بینڈ اور ڈھول کی تھاپ پر لوگوں نے بھنگڑے ڈالنا شروع کر دیئے۔

سندھ سے تعلق رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی جانب سے کھلاڑیوں کوپھول پیش کئے گئے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما الطاف حسین کی جانب سے چائلڈ ٹیم کو گولڈ میڈل دیئے جانے کی سفارش بھی کی گئی۔ صوبائی گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی ٹیم کو بھرپور انداز میں شاباشی دی۔

سندھ اسمبلی کا دورہ، ہر کھلاڑی کے لئے 2 لاکھ کا انعام
منگل کی دوپہر ٹیم کو سندھ اسمبلی کا دورہ کرایا گیا جہاں اراکین ِاسمبلی نے کھڑے ہو کر کھلاڑیوں کو خراج ِتحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ٹیم کو اجرک اور روایتی سندھی ٹوپی پیش کی گئی۔

بین الاقوامی فٹبال اسٹیڈیم کی تعمیر
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے سندھ حکومت کی جانب سے دو، دو لاکھ روپے انعام اور اسٹریٹ چلڈرنز کے نام سے بین الاقوامی طرز کا فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کرانے کا اعلان بھی کیا۔

بلاول بھٹو اور بختاور سے ملاقات
منگل کی رات ٹیم ممبران کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹواور بختاور بھٹو سے ملاقات کرائی گئی۔ دونوں افراد نے ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ کھلاڑی ہمارے ملک اور قوم کا اثاثہ ہیں۔

میرا ڈونا کو پاکستان آنے کی دعوت
بلاول بھٹو نے اس موقع پرہر کھلاڑی سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا اور کامیابی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کہ انہوں نے میرا ڈونا کو پاکستان آنے اور اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کو فٹ بال سکھانے کی درخواست کی ہے۔