لیبیا میں سلامتی کی مخدوش صورتحال کے باعث وہاں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو مزید 258 پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے 13 اگست کو خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا اور منگل کو لاہور پہنچنے والی پراوز اس سلسلے کی چھٹی پرواز تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کی تعداد 1727 ہو گئی ہے جب کہ اس وقت لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر انتظام امدادی کیمپوں میں 1800 سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔
دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لییبا میں پھنسے پاکستانیوں کو تمام ضروری امداد فراہم کر رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں خصوصی پروازوں کے ذریعے مزید پاکستانیوں کو بھی وطن واپس لایا جائے گا۔
لیبیا میں متحارب ملیشا کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری جھڑپوں کے باعث سلامتی کی صورت حال خراب ہوتی چلی آرہی ہے جس کے باعث پاکستانیوں سمیت ہزاروں غیر ملکی وہاں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔