’علی کی امی‘، نام ہی نہیں موضوع بھی مختلف ہے

نادر پہلے سے شادی شدہ اور دو نوجوان بچوں کا باپ ہے، جس کے گھر میں مریم کو ساس کی نفرت سے لے کر نادر کی پہلی بیوی کی بدسلو کی تک ہر قسم کے ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مریم کی زندگی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی ہے جب ...

کچھ ڈراموں کے نام بہت مختلف ہوتے ہیں اور یہ اس لئے رکھے جاتے ہیں کہ ناظرین کو کچھ ہٹ کر دیکھنے کو ملے اور وہ ڈرامے کی طرف متوجہ ہوں۔ ’جیو ٹی وی‘ پر پیش کئے جانے والے ایک نئے ڈرامے کا نام اس کی زندہ مثال ہے۔ ڈرامے کا نام ہے ۔۔۔’علی کی امی‘

ماں اور بیٹے کے خوبصورت رشتے کو ایک نئے انداز اور زاوئیے سے پیش کرنے والا نیا ڈرامہ ’علی کی امی‘ حقیقی زندگی کے واقعات پر مبنی ہے جس کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ایک عورت تو کمزور ہو سکتی ہے۔ لیکن، اپنے بچوں کے لئے ہر مشکلات کے آگے دیوار بن کر کھڑی ہو جانے والی ’ماں‘ کبھی کمزور نہیں ہو سکتی۔

’علی کی امی‘ کا مرکزی کردار ’مریم‘ ہے۔ مریم نوجوان ہے اور خواب دیکھنے کی عادی ہے اور ایک شخص کی محبت میں گرفتار ہو کر گھر والوں کی مخالفت مول لے کر اس سے شادی کر لیتی ہے۔

نادر پہلے سے شادی شدہ اور دو نوجوان بچوں کا باپ ہے جس کے گھر میں مریم کو ساس کی نفرت سے لے کر نادر کی پہلی بیوی کی بدسلوکی تک ہر قسم کے ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مریم کی زندگی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی ہے جب وہ ایک بیٹے کو جنم دیتی ہے۔

صرف میڑک تک تعلیم حاصل کرنے والی مریم ،علی کی صورت میں اپنے ہر خواب کو حقیقت کا روپ دینے کا عزم کرتی ہے اور یوں اس کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوتا ہے۔

مریم علی کو ان تکلیفوں سے بچانے کے لئے جو اس نے خود اٹھائیں ہر مشکل کا سامنا ثابت قدمی سے کرتی ہے۔ گزرتے وقت کے ساتھ نوجوان علی کیا اپنی ماں کی قربانیوں کا حق ادا کر پائے گا، یہ بات ہر قسط کے ساتھ کھلتی جائے گی۔

چینل کی کی پی آر فرم کی ایک عہدیدار نگہت عزیز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’علی کی امی‘ کا کردار منجھی ہوئی اداکارہ سمیعہ ممتاز نے ادا کیا ہے جبکہ دیگر کاسٹ میں اسد ملک، زینب قیوم (زی کیو)، نائمہ خان، نسرین قریشی، عاصم محمود، فرحانہ مقصود، علی انجم شامل ہیں۔ مصنف معین علی اور ڈائریکٹر ہیں وجاہت حسین ہیں۔