نئے الیکشن پر معاملات طے پاگئے ہیں: شیخ رشید کا دعویٰ

شیخ رشید، فائل فوٹو

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ضمنی الیکشن کے بجائے نئے الیکشن پر معاملات طے پا گئے ہیں۔

جمعے کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں الیکشن کی تاریخ، نئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا فیصلہ قوم جلد سنے گی۔

انہوں نے بغیر کسی کا نام لیے یہ دعویٰ کیا کہ قرنطینہ والے بھی الیکشن کے لیے مان گئے ہیں۔ صرف فضل الرحمٰن باقی رہ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک اںصاف کا عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد مسلسل یہ مطالبہ رہا ہے کہ ملک میں سیاسی بحران کا واحد حل فوی صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔

11ارکانِ اسمبلی کے استعفے منظور

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 ارکانِ اسمبلی کے استعفے قبول کرلیے تھے اور استعفوں کی منظوری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سےجمعرات کو جاری بیان کے مطابق اسپیکر اسمبلی نے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت تفویض اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ان استعفوں کو منظور کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے 11 اپریل 2022 کو اپنی نشستوں سے استعفے دے دیے تھے۔ یہ استعفے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد سامنے آئے تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے جن اراکین کے استعفے منظور کیے ان میں این اے 22 سے علی محمد خان، این اے 24 فضل محمد خان، این اے 31 سے شوکت علی، این اے 45 سے فخر زمان خان، این اے 108 سے فرخ حبیب، این اے 118 سے اعجاز احمد شاہ، این اے 237 سے جمیل احمد خان، این اے 239 سے محمد اکرم چیمہ، این اے 246 سے عبدالشکور شاد جب کہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار خان شامل ہیں۔

سیکریٹریٹ کے مطابق اراکین کے استعفوں کے نوٹی فکیشن الیکشن کمیشن پاکستان کو بھجوادیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ان استعفوں کی منظوری پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری پہلے ہی استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا چکے ہیں۔ لہٰذا اسپیکر کے 11 استعفوں کو منظور کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خام خیالی ہے کہ آپ ان حلقوں میں ضمنی الیکشن کرائیں گے۔ ملک عام انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے اور موجودہ حکمران انتخابات نہیں روک سکتے۔

پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما علی محمد خان نے، جن کا نام اس 11 رکنی فہرست میں شامل ہے، کہا کہ کپتان کے 11 کھلاڑیوں میں اوپننگ بلے باز ہونے پر فخر ہے۔