جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو تنبیہ کی ہے کہ وہ سرحدی جھڑپوں کے ذریعے اشتعال دلانا بند کر دے۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے ترجمان کم من سیوک نے پیر کو کہا کہ جنوبی کوریا نے پیانگ یانگ کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ’’غیر محتاط اشتعال انگیز‘‘ فوجی کارروائیاں بند کردے۔
کم نے کہا کہ ’’ہماری فوج تمام سرحدوں پر شمالی کوریا کے فوج کی کارروائیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم شمالی کوریا کی فوج کے طرف سے مزید فوجی اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب کے لیے پوری طرح تیاری کر رہے ہیں۔ ہم شمالی کوریا کو سختی سے انتباہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر غیر محتاط اشتعال انگیز فوجی کارروائیاں بند کرے۔‘‘۔
سرحد پر ہونے والے تازہ واقعات سے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات بھی خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ ان مذاکرات کے بارے میں فیصلہ اس ماہ کے اوائل میں شمالی کوریا کے اعلیٰ سطحی وفد کی طرف سے جنوبی کوریا کے اچانک دورے کے دوران کیا گیا۔
جنوبی کوریا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اتوار کو دونوں ملکوں کے سرحدی محافظوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس واقعہ میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
اس ماہ کے اوئل میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان اس وقت فائرنگ کا تبادلہ ہوا جب جنوبی کوریا کے ایک سرگرم کارکن نے شمالی کوریا مخالف پروپیگینڈے والے غبارے چھوڑے تھے۔