جنوبی کوریا کی شمالی کوریا کو مذاکرات کی پیشکش

فائل فوٹو

جنوبی کوریا کے وزیر کا کہنا ہے کہ اُن کا ملک دو طرفہ مسائل سے متعلق کسی بھی معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

جنوبی کوریا کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے شمالی کوریا کو وزارتی سطح کے مذاکرات کی پیشکش کی ہے تاکہ ‘کوریائی جنگ‘ کے دوران جدا ہونے والے خاندانوں کے ملاپ سمیت "دو طرفہ تحفظات" سے متعلق معاملات پر بات چیت کی جا سکے۔

جنوبی کوریا کے شمالی کوریا کے اُمور سے متعلق ’وزارت یونیفیکیشن‘ کے سربراہ رویو کہیل جئی نے پیر کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ پیانگ یانگ کو مذاکرات کی باضابطہ طور پر پیشکش کر دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ دو طرفہ تحفظات سے متعلق کسی بھی مسئلے پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

اگر اس بات چیت پر اتفاق ہو جاتا ہے تو آئندہ ماہ رویو کی اپنے ہم منصب کم ینگ گان کے درمیان پیانگ یانگ میں ملاقات ہو گی۔

دونوں ملکوں نے دو ماہ قبل مذاکرات شروع کرنے پر اُس وقت اتفاق کیا تھا جب اکتوبر میں شمالی کوریا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سئیول کا اچانک دورہ کیا تھا۔

تاہم شمالی کوریا اس وقت ان مذاکرات سے پیچھے ہٹ گیا تھا جب جنوبی کوریا کے کچھ سرگرم کارکنوں نے غباروں کی ذریعے پیانگ یانگ مخالف چھپا ہوا مواد سرحد پار بھیجا تھا۔